Aug ۱۹, ۲۰۲۲ ۱۵:۰۵ Asia/Tehran
  • جارح سعودی اتحاد نے کی یمن جنگ بندی سمجھوتے کی خلاف ورزی

جارح سعودی اتحاد نےگذشتہ چوبیس گھنٹےکے دوران دوسو سے زائد مرتبہ یمن میں جنگ بندی سمجھوتے کی خلاف ورزی کی

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد کے فوجیوں نے الحدیدہ ، تعز، مآرب ، حجہ ، صعدہ، جیزان اور ضالع میں یمن کی فوج اورعوامی رضاکار فورس کے ٹھکانوں اور عام شہریوں کے رہائشی مکانات کو شدید حملوں کا نشانہ بنایا جن  میں توپوں ، راکٹوں اور مارٹر گولوں کا بےتحاشہ استعمال کیا گیا۔
جارح سعودی اتحاد کے جاسوس طیاروں نے یمن کے صوبہ الحدیدہ میں واقع الحیس علاقے میں فوج اور عوامی رضاکار فورس کے اڈوں اور شہریوں کے رہائشی مکانوں کو نشانہ بنایا۔
یمن میں دومہینے کی جنگ بندی کا آغاز دواپریل دوہزاربائیس سے ہوا تھا اور یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ہانس گرونڈ برگ نے اعلان کیا تھا کہ یمن میں متصادم گروہ نے اصلی سمجھوتے کی سابقہ شرطوں کے مطابق مزید دو مہینے کی جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے اور اب تیسری بار یمن جنگ بندی سمجھوتے کی مدت بڑھائی جا رہی ہے ۔
اس سے قبل یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے کہا تھا کہ جارح سعودی اتحاد کی جانب سے جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزی کی بنا پر یمن میں جنگ بندی سمجھوتہ تقریبا ختم ہوچکا ہے ۔
دوسری جانب یمن کی قومی آئل کمپنی نے کہا ہے کہ آل سعود حکومت نے ڈیزل کا حامل ایک بحری آئیل ٹینکر روک لیا ہے۔
مارچ دوہزار پندرہ سے جارح سعودی اتحاد کی جانب سے یمن پر وحشیانہ حملوں اور سخت بری، بحری و فضائی محاصرے کے باعث یمنی عوام کو ایندھن اور غذائی اشیاء کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق یمن کی آئل کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی اتحاد نے ایک بار پھر جنگ بندی سمجھوتے کو پامال کرتے ہوئے ایک بحری آ‏ئیل ٹینکر کو روک لیا ہے جس میں ڈیزل لوڈ تھا اور اسے یمن میں بجلی پیدا کرنے کے لئے استعمال کیا جانا تھا ۔
یمن کی قومی آئل کمپنی کے اعلان کے مطابق اس بحری جہاز کی پہلے ہی تلاشی لی جا چکی تھی اور اس کے پاس اقوام متحدہ کا جاری کردہ لائسنس بھی موجود تھا ۔
سعودی عرب ، امریکہ متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملوں کے ساتھ ہی اس ملک کا بری، بحری اور فضائی محاصرہ بھی کئے ہوئے ہے ۔
سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جنگ پسندی و جارحیت کے نتیجے میں اب تک لاکھوں یمنی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ چالیس لاکھ سے زیادہ افراد بےگھر اور دربدر ہوئے ہیں ۔

ٹیگس