Aug ۲۰, ۲۰۲۲ ۱۱:۴۳ Asia/Tehran
  • عراق کی اسپایکر چھاؤنی قتل عام میں ملوث صدام کا پوتا لبنان میں دھر لیا گیا

عراقی فوجی چھاؤنی اسپائیکر میں دو ہزار فوجی کیڈٹس کے ہولناک قتل عام میں ملوث صدام کا پوتا لبنان سے انٹرپول کے حکم سے پکڑ لیا گیا۔

لبنانی ذرائع ابلاغ کے مطابق لبنانی سیکورٹی کے سربراہ برگیڈیئر جنرل عباس ابراہیم  نے انٹرپول کے حکم سے عبداللہ یاسر السبعاوی کی گرفتاری کی خبر دی ہے۔عبداللہ یاسر السبعاوی سابق عراق کے معدوم ڈکٹیٹر صدام کے بھائی سبعاوی ابراہیم تکریتی کا بیٹا تھا۔

النشرہ ویب سائیٹ کے مطابق جنرل عباس ابراہیم نے عبداللہ یاسر سبعاوی الناصری کی گرفتاری کے بارے میں کہا کہ اسے انٹرپول کے حکم اور اسپائیکر فوجی  چھاؤنی میں کی گئے قتل عام کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اسپائیکر نامی فوجی چھاؤنی عراق کے صوبے صلاح الدین کے شہر تکریت میں واقع ہے جہاں داعش کے دہشت گردوں نے 12 جون 2014ء کو حملہ کر کے دو ہزار ملٹری کیڈٹس کا ظالمانہ قتل عام کرنے کے بعد انہیں اجتماعی قبروں میں دفن کیا تھا۔

اس فوجی چھاؤنی میں رونما ہونے والا یہ دلخراش قتل عام عراق میں داعش کے ہولناک مظالم کی علامت بن گیا اور شاید وہ عراقی عوام کے اذہان سے کبھی محو نہیں ہو پائے گا۔

لبنانی سیکورٹی اداروں کی رپورٹ کے مطابق صدام کا پوتا ابھی جیل میں ہے اور لبنانی عدالت  کے فیصلے کے بعد اس کی آزادی یا عراق کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

 

ٹیگس