Aug ۲۱, ۲۰۲۲ ۱۵:۳۴ Asia/Tehran
  •  سعودی عرب کی جانب سے  جنگ بندی سمجھوتے کی خلاف ورزی

یمن کی پارلیمنٹ نے ایک اجلاس میں سعودی اتحاد کی جانب سے جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزی کی مذمت کی ہے

یمن کی پارلیمنٹ کی پریزائڈنگ کمیٹی  نے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی اور الحدیدہ بجلی گھر کے لئے ڈیزل کے حامل بری جہاز کو روکے جانے کو جنگ بندی کے سمجھوتے کی شقوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے ۔
یمنی پارلیمنٹ کی پریزائڈنگ کمیٹی نے جارح سعودی اتحاد کی جانب سے جنگ بندی سمجھوتے کی خلاف ورزی پرایک بار پھر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جارح سعودی اتحاد اور اس کے زرخرید ایجنٹ یمنی عوام پر دباؤ بڑھانےاور ان کی زندگی کو مسائل و مشکلات سے دوچار کرنے کے لئے جان بوجھ کر مواقع ضائع کررہے ہیں ۔
یمن میں جنگ بندی کی مدت دواگست کو بڑھا دی گئی تھی لیکن جارح سعودی اتحاد بدستوراس جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس کی شقوں پرعمل درآمد سے اجتناب کررہا ہے جس میں یمنی عوام کے سخت ترین محاصرے میں ڈھیل دینا بھی شامل ہے۔
اس اجلاس میں جارح سعودی اتحاد کے زرخرید ایجنٹوں کے ہاتھوں یمن کے تیل اور گیس کے ذخائر کی لوٹ کھسوٹ کی مذمت بھی کی گئی ۔ یمن کے پیٹرولیم کے وزیر نے کہا ہے کہ جارح سعودی اور اماراتی اتحاد نے دوہزاراٹھارہ سے اب تک یمن کے اربوں ڈالر کے تیل کو لوٹا ہے ان کا کہنا ہے کہ جارح سعودی اور اماراتی اتحاد نے دوہزار اٹھارہ سے جولائی دوہزار بائیس تک نوارب ڈالر سے زائد کے تیل کی چوری کی ہے۔

اس سے قبل میڈیا ذرائع نے رپورٹ دی تھی کہ ایک بڑے آئل ٹینکر نے جو جارح سعودی اتحاد سے متعلق ہے اوراس میں تقریبا بیس لاکھ بیرل تیل حمل کرنے کی گنجائش ہے، ایک دن میں سعودی عرب کے زیرقبضہ علاقوں سے یمن کا تیل چوری کیا ۔
یمن کی آئل کمپنی کے ترجمان عصام المتوکل نے جمعرات کو کہا تھا کہ جارح سعودی اتحاد نےالحدیدہ بندرگاہ کے قریب گولڈن ایگل آئل ٹینکرکو جو ڈیزل کا حامل تھا، روک رکھا ہے۔
یمن کی آئل کمپنی کے اعلان کے مطابق یمنی تیل کے حامل کئی جہازوں کو جارح سعودی اتحاد کی جانب سے روک لیا گیا ہے۔
سعودی عرب امریکہ ، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن کے خلاف حملوں کے ساتھ ہی اس ملک کا بری بحری اور فضائی محاصرہ بھی کئے ہوئے ہے۔ یمن میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جنگ افروزی کے نتیجے میں اب تک لاکھوں یمنی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ چالیس لاکھ سے زیادہ یمنی دربدر اور بےگھر ہوگئے ہیں ۔

ٹیگس