Sep ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۱:۰۲ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

یمن کی گیس کمپنی کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ سعودی اتحاد نے ایندھن کے حامل یمن کے 4 بحری جہازوں کو روک لیا ہے۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق  یمن کی قومی گیس کمپنی کے ترجمان عصام المتوکل نے کہا ہے کہ  سعودی اتحاد نے یمن کے 4 بحری جہازوں جن میں سے 2 پٹرول اور 2 ڈیزل کے حامل تھے روک لیا ہے۔ اس طرح اب تک روکے جانے والے بحری جہازوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔

یمن کی گیس کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ ایندھن کے حامل یمن کے ان بحری جہازوں کو سعودی اتحاد نے اقوام متحدہ کا فراہم کردہ پرمٹ کے باوجود روکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے تحت 54 بحری جہازوں کو یمن آنے کی اجازت تھی تاہم ابھی تک صرف 33 بحری جہاز یمن پہونچ پائے ہیں۔

ترجمان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سعودی اتحاد کی جانب سے اس قسم کی جاری خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور اپنے فرائض پر عمل کرتے ہوئے سعودی اتحاد کے خلاف مؤثر عملی کارروائی کرے۔

واضح رہے کہ سعودی اتحاد کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی ایسی حالت میں جاری ہے کہ یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ہانس گرینڈ برگ نے یمن میں جنگ بندی کی مدت میں مزید دو ماہ کی توسیع کئے جانے کا اعلان کیا تھا مگر سعودی اتحاد نے کبھی بھی اس معاہدے کی پاسداری نہیں کی۔

ٹیگس