Sep ۰۶, ۲۰۲۲ ۰۹:۲۰ Asia/Tehran
  • اسرائیل  پر ایک اور سائبر حملہ، 30 لاکھ صیہونیوں کا ڈیٹا نیلامی کے لئے پیش

غاصب ریاست پر ایک اور سائبر حملہ ہوا جس میں تیس لاکھ صیہونیوں کی معلومات کو عام کر دیا گیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق سخی چور نامی ایک ہیکر گروپ نے می ٹیک نامی صیہونی کمپنی پر سائبر حملہ کرکے تیس لاکھ لوگوں کی معلومات چرا لی ہیں اور یہ معلومات آن لائن فروخت کے لئے پیش کر دی ہیں۔

اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہیکروں نے اعلان کیا کہ تیس لاکھ اسرائیلیوں کی معلومات فروخت کے لئے موجود ہیں جن میں ان افراد کا نام، خاندانی معلومات، نیشنل آئی ڈی نمبر، تاریخ پیدائش، ایڈریس، ٹیلی فون نمبر، ای میل ایڈریس اور اسی طرح کی دیگر معلومات شامل ہیں۔

اسرائیلی حکام نے اپنے سسٹموں پر سائبر حملے کی تصدیق کی ہے تاہم ڈیٹا چوری ہوجانے کی تردید کی ہے۔

چند روز قبل ہیکروں کے حملے کی وجہ سے اسرائیلی بندرگاہوں کا کمپوٹر نظام ٹھپ ہوگیا تھا۔ اس حملے کی ذمہ داری طاہرہ نامی ہیکنگ گروپ نے قبول کی تھی۔

اس سے پہلے بھی عصائے موسی نامی ہیکر گروہ نے اسرائیل پر حملہ کرکے حساس معلومات چرا لی تھیں اور غاصب اسرائیلی ریاست کی سائبر میدان میں کمزوریوں کو برملا کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ صیہونی حکومت کے بنیادی ڈھانچے پر سائبر حملوں نیز اہم اور حساس نوعیت کی اطلاعات تک رسائی نے اسرائیل کی سائبر سیکورٹی کی جھوٹی کہانیوں کی قلعی کھول دی ہے۔ اسرائیل کے سیکورٹی، صحافتی اور سائبر حلقوں نے بھی تسلسل کے ساتھ ہونے والی ہیکنگ پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔

 

ٹیگس