عراق نے پاکستانی اور افغانی زائرین کے لئے زمینی راستہ کھول دیا
حکومت عراق نے پاکستان اور افغانستان سے آنے والے زائرین کو زمینی راستے سے ملک میں داخل ہونے کی اجازت دے دی ہے۔
عراق کی وزارت داخلہ کے مشیر اور اربعین کمیٹی کے سربراہ جنرل مہدی الفکیکی نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے زائرین، ایرانی حکام کی ہم آہنگی سے شلمچہ پاس کے راستے عراق میں داخل ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ پاکستانی اور افغانستانی زائرین کو شلمچہ پاس کےعلاوہ کسی اور گزرگاہ سے داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ہر سال ہزاروں پاکستانی اور افغانستانی زائرین، مقامات مقدسہ کی زیارت اور چہلم امام حسین علیہ السلام میں شرکت کے لیے، ایران کے راستے عراق جاتے ہیں۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ افغانستان کی طالبان انتظامیہ نےعراق کی اندرونی صورتحال کے پیش نظر، افغان شہریوں کی عراق جانے پر پابندی عائد کردی ہے تاہم طالبان کی وزارت مذہبی امور نے ایسی کسی بھی پابندی کی تردید کی ہے۔ طالبان کی وزارت حج و اوقاف کے ترجمان سید محمد حسینی نے کہا ہے کہ ہماری جانب سے عراق جانے والے زائرین کے لیے ایسی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی اور اس بارے میں شائع ہونے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔