اربعین کے لئے تیس لاکھ غیر ملکی زائرین عراق پہنچ گئے
عراقی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک تیس لاکھ غیر ملکی زائرین اربعین حسینی اور ملین مارچ میں شرکت کے لئے عراق پہنچ چکے ہیں۔
عراق کی سرحدی گذرگاہوں کے ادارے کے سربراہ عمر الوائلی نے کہا ہے زمینی اور ہوائی راستوں سے اب تک تیس لاکھ سے زائد زائرین، اربعین حسینی میں شرکت کے لئے عراق پہنچ چکے ہیں. ان کا کہنا تھا کہ صرف اتوار کو تقریبا پندرہ لاکھ غیر ملکی زائرین عراق میں داخل ہوئے جن میں سب سے زیادہ غیر ملکی زائرین ایران کے شلمچہ بارڈر سے عراق میں داخل ہورہے ہیں۔
اس درمیان صوبۂ کربلا کے گورنر نے کہا ہے کہ اربعین حسینی کے شاندار انعقاد کے لئے سارے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔
کربلا کے گورنر نصیف الخطائی کا کہنا ہے کہ کربلا آنے والا کوئی بھی راستہ بند نہیں اور سبھی راستوں پر زائرین کا جم غفیر ہے اور زائرین، کربلائے معلیٰ میں زیارات میں مصروف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سال اربعین میں دو کروڑ سے زائد زائرین کربلائے معلیٰ پہنچیں گے جبکہ ساٹھ لاکھ غیر ملکی زائرین بھی اربعین کے لئے عراق کے موقع پر عراق میں موجود ہوں گے۔
کربلا کے گورنر نے کہا کہ دوسال کرونا کی بندشوں کے بعد اس سال کا اربعین تاریخی ہوگا اور زائرین کا جوش و جذبہ ناقابل بیان ہے۔