Sep ۲۱, ۲۰۲۲ ۱۸:۳۳ Asia/Tehran
  • یمن- سعودی سرحد پر زوردار دھماکہ، حکام خاموش

جنوبی سعودی عرب اور یمن کی سرحد کے قریب زوردار دھماکے کی خبر ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: مقامی ذرائع نے سعودی عرب کے جنوب میں واقع علاقے "عسیر" میں زور دار دھماکوں کی اطلاع دی ہے ۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روو صبح سعودی عرب کے جنوبی علاقے اور یمن کی سرحد کے قریب واقع علاقے "عسیر" میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

الخبر الیمنی ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا صارفین نے بڑے پیمانے پر آگ لگنے کی تصاویر اور ویڈیوز بھی نشر کی ہیں، تصاویر دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ ایک پاور اسٹیشن میں آگ لگی ہوئی ہے۔

علاوہ ازیں رہائشیوں اور سوشل میڈیا صارفین کے کئی سوالات کے باوجود مقامی حکام نے ابھی تک ان دھماکوں کی وجہ کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی۔ سعودی اخبار "طقس العرب" نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ دھماکے بجلی گھر پر بجلی گرنے سے ہوئے۔

جازان اور نجران کے علاقوں کے ساتھ جنوبی سعودی عرب کا "عسیر" علاقہ یمنی جنگ کے سات سال کے دوران بارہا یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوابی حملوں کا نشانہ بنا ہے۔

تاریخی پس منظر کے لحاظ سے یمنی ان تینوں علاقوں کو یمنی سرزمین کا حصہ اور سعودی حکومت کے زیر قبضہ علاقہ قرار دیتے ہیں۔

ٹیگس