Oct ۰۷, ۲۰۲۲ ۱۳:۴۹ Asia/Tehran
  • سلامتی کونسل جارح ملکوں کا پلیٹ فارم بننے سے اجتناب کرے، یمن کا انتباہ

یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر خارجہ نے جنگ بندی کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے موقف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اس عالمی ادارے سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جارح ملکوں کے لئے پلیٹ فارم بننے سے اجتناب کرے

یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر خارجہ ہشام شرف نے یمن میں جنگ بندی کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کا اقدام یمن میں آٹھ سال سے جاری بحرانی حقائق سے چشم پوشی کا غماز ہے۔
انھوں نے کہا کہ صنعا کے مطالبات مکمل طور پر واضح ہیں جن کو پورا کئے جانے سے یمن کا المیہ اور بحران  کم ہوگا جو اس وقت دنیا کا بدترین بحران ہے۔
یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ یمن کے خلاف جنگ و جارحیت بند اور اس ملک کا محاصرہ ختم کرانے کے سلسلے میں اپنے فرائض اور ذمہ داریوں پر عمل کرے۔
انھوں نے ایسے منصفانہ اور پائیدار امن کے قیام کے لئے جو یمنی قوم کے حقوق کا ضامن ہو،اندرونی، علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کو تیز کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک بیان میں صنعا حکومت کے مطالبات کو انتہا پسندانہ قرار دیتے ہوئے ان مطالبات کو یمن میں جنگ بندی کی شکست کی وجہ قرار دیا ہے۔
سعودی اتحاد کی جانب سے ہمیشہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جاتی رہی ہے اقوام متحدہ کی کوششوں سے دو بار جنگ بندی کی مدت میں توسیع بھی کی گئی اور اب دوسری بار کی مدت دو اکتوبر کو ختم ہو گئی ہے۔اب تک چھے ماہ تک جنگ بندی رہی ہے جبکہ اس دوران سعودی اتحاد یمن کو جارحیت کا نشانہ بناتا رہا ہے۔
دریں اثنا یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں موجود غیر ملکی کمپنیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے سرمایے دوسرے ممالک میں منتقل کرلیں۔
محمد البخیتی نے  کہا کہ اگر یہ سرمائے منتقل نہیں کئے گئے تو یمن کی مسلح افواج کی فوجی کارروائی کا نشانہ بن سکتے ہیں۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے کہا کہ یمن کا جاری محاصرہ، جنگ جاری رہنے کے مترادف ہے خاصطور سے ایسی حالت میں کہ جارح ممالک تجارتی اور خاصطور سے ایندھن کے حامل بحری جہازوں کو یمن پہنچنے سے روکنے میں طاقت کا استمعال کر رہے ہیں جبکہ یہ ممالک اس بات سے آگاہ بھی ہیں کہ ان بحری جہازوں میں فوجی یا جنگی سازوسامان نہیں ہے۔

یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن نے حال ہی میں یہ اعلان بھی کیا ہے کہ یمن کے قومی ذرائع و ذخائر کی لوٹ مار پر ہرگز خاموش نہیں رہا جائے گا۔ 

ٹیگس