انصار اللہ کے ڈرون طیاروں نے دکھائی طاقت، غیر ملکی آئل ٹینکرہوا نو دو گیارہ
یمن کی عوامی تحریک نصاراللہ کے ڈرون طیاروں نے ایک غیر ملکی آئل ٹینکر کے ذریعے تیل کی چوری کو روک دیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: رشا ٹوڈے نیوز سائٹ نے یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے ڈرون آپریشن کا ویڈیو نشر کیا ہے جس میں ایک غیر ملکی ٹینکر کے ذریعے یمن کے تیل کی چوری کو روکا گیا۔
یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے صوبہ حضرموت میں الظبہ آئل پورٹ پر ڈرون آپریشن کیا ہے جس کے نتیجے میں ایک غیر ملکی آئل ٹینکر فرار ہونے پر مجبور ہو گیا۔
"رشا ٹوڈے" نیوز سائٹ کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحییٰ السریع نے تاکید کی ہے کہ یمن کی مسلح افواج نے الظبہ بندرگاہ کے قریب جانے والے تیل ٹینکر کو روکنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ الظبہ بندرگاہ پر ڈرون حملہ محض ایک عام انتباہ تھا، کہا کہ یہ ٹینکر تیل کی بڑی مقدار میں تیل لوٹنے کے مشن پرتھا جس کی وجہ سے اسے ڈرون آپریشن کے ذریعہ علاقہ چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔
صنعا حکومت کی وزارت دفاع کے اعلیٰ عہدیدار عزیز رشید نے روسی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈرون حملے اور کارروائیاں پوری طاقت کے ساتھ جاری رہیں گی۔