Dec ۰۵, ۲۰۲۲ ۰۷:۵۲ Asia/Tehran
  • صیہونیوں کے خلاف فلسطینیوں کی انتقامی کارروائیاں شروع (ویڈیو)

فلسطینیوں نے صیہونی حکومت کی جارحیت کے خلاف اب اپنی انتقامی اور جوابی کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق استقامتی تنظیم جہاد اسلامی کی فوجی ونگ القدس بریگیڈ نے گزشتہ شب خبر دی ہے کہ اُس کے جوانوں نے جنین میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے صیہونی کالونی «حرمیش» میں غاصب فوجیوں پر فائرنگ کی۔ اس کارروائی کے بعد القدس بریگیڈ کے جوان بہ حفاظت علاقے سے نکلنے میں کامیاب رہے۔

فلسطینی نوجوانوں نے اسی طرح  البیرہ میں واقع صیہونی کالونی «بسجوت» پر دھماکہ خیز مادوں سے حملہ کیا۔

فلسطینی نوجوانوں پر صیہونی حکومت کے حملے اور عمار مفلح نامی ایک نوجوان کی شہادت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے فلسطینی مجاہدین نے صہیونی اہداف کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ جمعے کے روز ایک صیہونی فوجی نے نابلس کے حوارہ ٹاؤن کے قریب عمار حمدی مفلح نامی فلسطینی نوجوان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم اسے مذکورہ نوجوان کی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ اسرائیلی فوجی نے طیش میں آکر فلسطینی نوجوان پر گولیاں چلادیں جس سے وہ موقع ہی پر شہید ہوگیا۔

بعض ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہید ہونے والے جوان نے صیہونی فوجی کے ساتھ ہوئی مزاحمت کے دوران اُس کا ہتھیار چھیننے کی کوشش کی تھی۔

ٹیگس