Dec ۱۱, ۲۰۲۲ ۱۱:۵۶ Asia/Tehran
  • داعش کی شکست میں ایران اور حزب اللہ کی حمایت کی قدر کرتے ہیں: عراقی رہنما

عراق میں داعش کی نابودی کی پانچویں سالگرہ کے موقع پر عراقی سیاسی اتحاد فتح کے سربراہ ھادی العامری نے کہا ہے کہ داعش کو شکست دینے میں ایران اور حزب اللہ کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: عراق میں داعش کی نابودی اور شکست کی پانچویں سالگرہ کی مناسبت سے عراق کے سیاسی الائنس فتح کے سربراہ ہادی العامری نے کہا کہ اس جنگ میں دیئے گئے خون کے مقابلے میں ہمیں اپنے سر تعظیم سے جھکانے چاہئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ دینی مرجعیت کی جانب سے جہاد کفائی کے تاریخی فتوے اور اسی طرح سے عراقی عوام کے اس فتوی پر لبیک کہنے کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

الفتح الائنس کے سربراہ نے اسی طرح اسلامی جمہوریہ ایران اور حزب اللہِ لبنان کی اصولی اور مسلسل حمایت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور حزب اللہ کی مدد صرف اسلحہ، گولہ بارود اور تجربے کی منتقلی تک محدود نہ تھی بلکہ اس میں ان کمانڈروں اور مشاوروں کا پاک خون بھی شامل ہے جو انہوں نے اپنے عراقی بھائیوں کے ساتھ مل کر بہایا۔

ہادی العامری نے حاج قاسم سلیمانی اور ابومہدی المہندس کی شہادت کو ایران و عراق کے  مابین پائے جانے والے گرم رشتے اور دونوں ملکوں کے مذہبی اتحاد کی علامت قرار دیا اور کہا کہ اس عنصر سے ایک متحد، فساد اور دہشت گردی سے پاک عراق بنانے کےلئے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

ٹیگس