غرب اردن کے علاقوں پر صیہونی فوجیوں کی جارحیت
فلسطینی ذرائع کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں نے غرب اردن کے مختلف علاقوں کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا ہے جس میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے الخلیل، رام اللہ اور نابلس کو جارحیت کا نشانہ بنایا جہاں فلسطینیوں سے ان کی جھڑپیں بھی ہوئیں۔
صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کے رہائشی مکانات پر حملہ کیا، صوتی دھماکے کئے اور آنسو گیس کے گولوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے جنین کے شمال مشرقی علاقے فقوعہ سے کئی فلسطینی بچوں کو گرفتار کرلیا جبکہ رام اللہ سے بھی عوفر کیمپ کے قریب وحشیانہ فائرنگ میں زخمی ہونے والے ایک فلسطینی جوان کو گرفتار کیا۔
ادھر رام اللہ کے مغرب میں فلسطینی نوجوانوں نے صیہونی فوجیوں کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
نابلس میں بھی صیہونی فوجیوں نے تل اور مادما کے علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا جہاں فلسطینیوں نے مزاحمت کی اور صیہونی فوجیوں سے ان کی جھڑپیں ہوئیں۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ غرب اردن کے شمال میں صیہونی بستیوں کی تعمیر سے متعلق کونسل کے چیئرمین یوسی داگان نے اسرائیلی فوجیوں سے نابلس میں فلسطینیوں کے خلاف وسیع فوجی کارروائی شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔
ان دنوں مقبوضہ علاقوں اور خاص طور سے غرب اردن کے مختلف علاقوں کی صورت حال نہایت سخت بنی ہوئی ہے اور فلسطینی مجاہدین ہر طریقے سے غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہے ہیں جس سے صیہونی حکام کی تشویش بڑھتی جا رہی ہیں اور ان کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔
غاصب صیہونی حکومت کے فوجی اپنے شرمناک اور توسیع پسندانہ مقاصد کے حصول کے لئے آئے دن فلسطین کے مختلف علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بناتے رہتے ہیں جس میں روزانہ فلسطینیوں کی ایک تعداد شہید و زخمی ہوجاتی ہے اور یا پھر ان کو گرفتار کرلیا جاتا ہے۔
جبکہ غاصب صیہونیوں کے خلاف فلسطینیوں کی کاروائی غرب اردن کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے جاری وحشیانہ جرائم اور مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں اور صیہونی انتہا پسندوں کی جارحیت کے جواب میں ایک فطری ردعمل ہے۔
دوسری جانب فلسطین کی وزارت خارجہ نے فلسطینی بچوں کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ رواں سال کے آغاز سے اب تک صیہونی جارحیت میں باون فلسطینی بچے شہید ہوچکے ہیں جبکہ اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی مسلسل دھجیاں اڑاتا رہا ہے۔
فلسطین کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی بچوں کو مختلف بہانوں اور طریقوں سے شہید کیا جارہا ہے جن میں صیہونی فوجیوں پر فلسطینیوں کی جوابی کارروائی کا انتقام بھی شامل ہے جبکہ صیہونی فوجی اور صیہونی انتہا پسند جان بوجھ کر فلسطینی بچوں کو فائرنگ کا نشانہ بھی بناتے ہیں یا پھر صیہونی اسپتالوں میں فلسطینی بچوں کو غلط دوائیں دے کر شہید کردیا جاتا ہے۔