حزب اللہ لبنان نے صیہونی حکومت کو پھر آئینہ دکھایا۔ ویڈیو
حزب اللہ لبنان نے سپاہ قدس کے شہید کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی تیسری برسی کی مناسبت پر ایک ویڈیو جاری کر کے صیہونی حکومت کو سخت خبردار کیا ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: ذرائع کے مطابق لبنان کی استقامتی تنظیم حزب اللہ کے میڈیا سیل نے قسما قادرون یعنی بخدا ہم قادر ہیں کہ نام سے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں حزب اللہ کے جوانوں کو مقبوضہ فلسطین اور لبنان کے درمیان صیہونیوں کی تعمیر کردہ دیوار حائل کو پار کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
استقامتی محاذ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو نتن یاہو کی کابینہ کی تشکیل کے چند گھنٹے بعد جاری کی گئی ہے اور اس میں صیہونی حکومت کو واضح پیغام دے دیا گیا ہے۔
صیہونی حکومت کے چینل بارہ نے بھی حزب اللہ کی جاری کردہ اس ویڈیو کو اسرائیل کے لئے ایک دھمکی اور خطرے سے تعبیر کیا۔ چینل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اس ویڈیو سے حزب اللہ نے دیوار حائل کو پار کرنے کے مقبوضہ علاقوں پر حملہ کرنے کی اپنی توانائی کو ثابت کیا ہے۔
حزب اللہ لبنان نے اعلان کیا ہے کہ ایران کی سپاہ قدس کے شہید کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ڈپٹی کمانڈر شہید ابو مہدی المہندس کی تیسری برسی کا مرکزی پروگرام اس سال "قسما" یا قسم کھاتا ہوں نعرے کے ساتھ بیروت کے سید الشہدا کامپلیکس میں منایا جائے گی جس میں حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ لبنانی عوام سے خطاب کریں گے۔