ایرانی وزیر خارجہ کی سرکاری دورے پر بیروت روانگی
ایرانی وزیرخارجہ سرکاری دورے پر لبنان روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ دونو ں ممالک کے درمیان مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیا ل کریں گے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان سرکاری دورے پر بیروت روانہ ہوگئے ہیں جہاں پر وہ مختلف لبنانی حکام، شخصیات سے ملاقات کریں گے۔
ایرانی وزیرخارجہ نے لبنان پہنچنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے لبنانی ہم منصب کی دعوت پر لبنان آئے ہیں جہاں پر وہ دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور بین الاقوامی اور خصوصا فلسطین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ایرانی وزیرخارجہ نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری اسلامی ایران لبنانی عوام، حکومت، فوج اور مقاومت کی بھرپور حمایت کرے گا اور ہم سارے لبنانی دھڑوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ جلدازجلد گفتگو اور باہمی اتفاق کے ذریعے صدر کا انتخاب کرکے سیاسی عمل کو پورا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس بات میں کوئی تردید نہیں ہے کہ لبنان کے مختلف سیاسی دھڑے بیرونی مداخلت کے بغیر صدر کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
ایرانی وزیرخارجہ اپنے دورہ لبنان کے دوران لبنانی وزیرخارجہ ڈاکٹر عبداللہ بوحبیب، لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی اور پارلیمنٹ کے سربراہ نبیہ بری سے ملاقات کریں گے۔
یاد رہے کہ لبنان میں پارلیمنٹ کے کئی اجلاس منعقد ہونے کے بعد بھی صدر کا انتخاب نہیں کیا جاسکا ہے جس سے لبنان کے اقتصادی اور معیشتی حالات خراب ہوتے جا رہے ہیں جب کہ ایران نے بارہا اعلان کیا ہے کہ وہ اس بحران سے نکلنے کےلئے لبنان سیاسی دھڑوں اور علاقائی ممالک سے تعاون کےلئے تیار ہے۔