ایران اور سعودی عرب نے ہماری ثالثی کا خیر مقدم کیا ہے، عراقی وزیراعظم
عراقی وزیر اعظم نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغداد کی ثالثی کے عمل پر تہران اور ریاض نے مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے
سحر نیوز/ عالم اسلام: عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے کہا ہے کہ حکومت عراق، ایران اور سعودی عرب سمیت خطے کے ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی بھر پور کوشش کر رہی ہے۔
عراقی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایران اور سعودی عرب دونوں نے عراق کی کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے اور ہماری حکومت مستقبل قریب میں تہران بغداد مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔
انہوں نے عراق اور ایران کے تعلقات کو اطمینان بخش اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ عرب ممالک کی طرح ایران کے ساتھ بھی ہمارے دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور سماجی رشتے قائم ہیں۔
عراق کے وزیر اعظم محمد شیاع السودانی کا کہنا تھا کہ پڑوسی ممالک کے درمیان باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول پر مبنی متوازن تعلقات ، ہمارے بہترین مفاد میں ہیں۔