غاصب صیہونی فوج کی لبنانی سرحد پر مشکوک نقل وحرکت، لبنانی فوج الرٹ
لبنان نے غاصب صیہونی فوج کی لبنانی سرحد پر مشکوک نقل و حرکت کے بعد اپنی فوج کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: لبنانی ذرائع ابلاغ کے مطابق لبنان نے اپنی فوج کو غاصب صیہونی فوج کی لبنان سرحد پر مشکوک نقل و حرکات پر ہائی الرٹ جاری کردیا ہے اور غاصب صیہونی فوج کی کسی بھی قسم کی سرحدی دیوار کی طرف پیش قدمی کی صورت میں آمادہ رہنے کا حکم دے دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے زیرکنٹرول یونیفل افواج نے کشیدگی میں اضافے کی وجہ سے علاقے میں اپنی افواج کی تعداد بڑھا دی ہے جب کہ غاصب صیہونی حکومت نے اس حوالے سے کسی بھی قسم کی بیان بازی سے ابھی تک پرہیز کیا ہے۔
لبنان اورغاصب صیہونی حکومت کا 860 مربع کلومیٹر کے اس سمندری علاقے پر تنازعہ شدت اختیار کررہا ہے جو گیس اور تیل کے ذخائر سے مالامال ہے۔ 2020ء سے اب تک دونوں ممالک کے درمیان کئی مرتبہ امریکہ اوراقوام متحدہ کے توسط سے بالواسطہ مذاکرات ہوچکے ہیں اور گزشتہ سال اکتوبر کے مہینے میں دونوں ممالک سمندری سرحدی حدود کے تعین پر ایک معاہدے پر متفق ہوئے تھے۔