شام کے تمام علاقوں میں امداد پہنچائے جانے پر بشاراسد کی تاکید
شام کے صدر بشار اسد نے انسان دوستانہ امور میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے معاون سے ملاقات میں کہا ہے کہ بین الاقوامی کوششوں کے تناظر میں شام کی بنیادی تنصیبات کی تعمیرنو پر خاص توجہ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق انسان دوستانہ امور میں انٹونیو گوترش کے سیکریٹری مارٹن گریفتھس نے اپنے دورہ دمشق میں شام کے صدر بشار اسد سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں شام کے صدر نے کہا کہ شام کے تمام علاقوں میں امداد کی ضرورت ہے جن میں وہ علاقے بھی شامل ہیں جو دہشت گردوں کے قبضے میں ہیں۔
انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی کوششوں کے تناظر میں شام کی بنیادی تنصیبات کی تعمیرنو پر خاص توجہ دیئے جانے کی ضرورت ہے۔ اس ملاقات میں اسی طرح زلزلے سے پہنچنے والے نقصانات اور انسانی ضروریات کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شامی صدر نے کہا کہ انسانی دوستانہ امداد کی رسائی کے لئے مزید دو سرحدیں کھول دی جائیں گی ۔ اس ملاقات میں انسان دوستانہ امور میں انٹونیو گوترش کے سیکریٹری نے بھی حکومت شام کی جانب سے زلزلہ متاثرین کی امداد و نجات کی فوری طور پر کارروائی شروع کئے جانے کی تعریف کی اور تاکید کی کہ اقوام متحدہ، شام میں امداد رسانی اور شامی عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ شامی پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے لئے بھی اس ملک میں انسانی ضروریات کو پورا کئے جانے کی اشد ضرورت ہے۔