Feb ۲۸, ۲۰۲۳ ۱۶:۲۱ Asia/Tehran
  • ٹی ٹی پی سے ہتھیار چھیننے کے لئے رقم کی درخواست بے بنیاد ہے: افغان طالبان

افغانستان کی طالبان حکومت نے ٹی ٹی پی سے ہتھیار چھیننے کے لئے پاکستان سے رقم کی درخواست کی خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس کو مسترد کردیا ہے

سحر نیوز/ عالم اسلام: افغانستان کی طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پاکستانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ کسی بھی ملک کو افغانستان کی سرزمین سے خطرہ لاحق نہیں ہوگا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ طالبان کو افغانستان میں قیام امن کے لئے غیرملکی رقومات کی ضرورت نہیں ہے۔ 
ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ہم اپنی سرزمین کو کسی بھی ہمسایہ ملک کے خلاف استعمال ہونے نہیں دیں گے اور یہ کام پوری قوت کے ساتھ کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ طالبان انتظامیہ کی اس سلسلے کی کوششیں ہی حالات کو سنبھالنے کے لئے کافی ہوں گی۔ 
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے روزنامہ ایکسپریس ٹریبیون نے دعوی کیا تھا کہ افغان طالبان نے گذشتہ دنوں کابل میں پاکستان کےفوجی اور سیکورٹی وفد سے ملاقات کی اور ان سے تحریک طالبان پاکستان کے ارکان سے ہتھیار چھیننے اور ان کی باز آبادکاری کے لئے رقم کی درخواست کی۔ 

ٹیگس