یمن پر وحشیانہ سعودی جارحیت
جارح سعودی اتحاد نے یمن پراپنی وحشیانہ جارحیت جاری رکھتے ہوئے ایک بار پھر مغربی صوبے الحدیدہ پر گذشتہ چوبیس گھنٹے میں باون بار ہوائی اور میزائلی حملے کئے اور توپخانوں سے بھی رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا
سحر نیوز/ عالم اسلام: المسیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق یمن کے مغربی صوبے الحدیدہ میں یمنی فوج کی آپریشنل کمان نے خبردی ہے کہ جارح سعودی اتحاد کے جاسوس اور ڈرون طیاروں نے الحدیدہ کے حیس اور الجبلیہ شہروں کی فضاؤں میں پروازیں کیں جبکہ جارح سعودی اتحاد کے توپخانوں نے صوبہ الحدیدہ کے مختلف علاقوں پر گولہ باری کی ۔
خبروں میں یہ بھی بتایا گیا ہےکہ جارح سعودی اتحاد کے ڈرون اور جنگی طیاروں نے حیس کے مختلف علاقوں پر بمباری کی - جارح سعودی اتحاد نے یمن کے شمالی صوبے صعدہ کے شہر منبہ کے سرحدی علاقوں پر بھی حملہ کیا جس میں کم سے کم پانچ عام شہری زخمی ہوگئے ۔
دوسری جانب سے یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیرٹرانسپورٹ عبدالوہاب الدرہ کا کہنا ہے کہ جارح سعودی اتحاد صنعا ہوائی اڈے پر ہوائی جہازوں کی آمد و رفت میں رکاوٹ بنا ہوا ہے۔
یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیرٹرانسپورٹ نے بتایا کہ یمن نے قاہرہ اور ہندوستان کے لئے پروازوں کی انجام دہی کی راہ میں حائل ہر طرح کی رکاوٹ اور بہانوں کے دور کرنے کے لئے اپنی پوری کوشش کی لیکن اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا اور جارح سعودی اتحاد بدستور صنعا ہوائی اڈوں کی پروازوں کی راہ میں رکاوٹ بنا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قاہرہ کے لئے انجام پانے والی پروازیں آخری لمحات میں معطل ہوگئیں اور اس کی ذمہ داری جارح اتحاد پر عائد ہوتی ہے۔
یمن کے وزیر شہری ہوابازی اور ٹرانسپورٹ نےبتایا کہ ہفتے میں تین پروازیں اردن کے دارالحکومت امان کے لئے انجام پاتی ہیں جو صعب ا لعلاج بیماروں کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے کافی نہیں ہیں ان کا کہنا تھا کہ پچھلے آٹھ برسوں سے یمن کا محاصرہ ہے اور یمن میں بیماروں کا مناسب طریقے سے علاج نہیں ہوپا رہا ہے جس کی بناپر مریضوں کو دیگر ملکوں میں بھیجنا پڑتا ہے۔
اس درمیان صنعا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ڈائریکٹرجنرل خالد الشیاف نے بھی کہا ہے کہ یہ ہوائی اڈہ بدستور جارح سعودی اتحاد کے محاصرے میں ہے اور ایک پرواز کو چھوڑ کر باقی پروازیں معطل ہیں اور ہوائی اڈہ عملی طور پر بند ہے۔
انہوں نے کہا کہ محاصرے کے باوجود صنعا ہوائی اڈہ پروازوں کی آمد و رفت کے لئے فنی لحاظ سے پوری طرح آمادہ ہے لیکن سعودی حکومت اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کےلئے اس کا محاصرہ کئے ہوئے ہے۔