اسرائیل سے عاری مستقبل ایک حقیقت ہے: سید حسن نصراللہ
حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کے بغیر علاقے کا مستقبل کوئی خواب نہیں بلکہ ایک حقیقت ہے۔
سحر نیجوز/ عالم اسلام: المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے ایک تقریب سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ علاقے اور پوری دنیا میں رونما ہونے والی تبدیلیاں اس حقیقت کا ثبوت ہیں کہ یمن، شام اور علاقے کے دیگر ملکوں کا محاصرہ شکست سے دوچار ہو گا۔
انھوں نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت میں اندرونی مسائل بھی اس غاصب حکومت کے زوال کا باعث بنیں گے اور یہ خود ایک حقیقت ہے۔
سید حسن نصراللہ نے کہا کہ غرب اردن سمیت تمام مقبوضہ علاقوں میں استقامت و مزاحمت کا عمل اپنی اہمیت کے ساتھ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور مزاحمت کا یہ عمل علاقے کا مستقبل طے کرے گا۔
انھوں نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے سمجھوتے کو ایک اہم تبدیلی قرار دیا اور کہا کہ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ دونوں ملکوں میں تعلقات، علاقے کی تمام قوموں کے مفاد میں ہیں ۔