Mar ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۰:۳۸ Asia/Tehran
  • گستاخِ قرآن کو پکڑ کے حوالے کرنے پر چیچن صدر نے انعام کا اعلان کیا

یوکرین کے فوجیوں کے ہاتھوں قرآنی کریم کی بے حرمتی کے بعد چیچنیا کے صدر نے گستاخ مجرموں کو تحویل میں دینے پر ایک کروڑ روبل کے انعام کا اعلان کر دیا ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: جمعے کے روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں چند یوکرینی فوجی مل کر صحیفۂ ہدایت قرآن مجید کے صفحات کو نذر آتش اور اس کی توہین کر رہے ہیں۔

یوکرینی فوجیوں کے اس گھناؤنے اقدام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے چیچنیا کے صدر رمضان قدیروف نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے یوکرینی فوجیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس سے تمہارے اندر حقیقی فاشیزم اور شیطان پرستی کی حکایت ہوتی ہے، اگر تمہارے آس پاس ایک چچن شہری یا مسلمان ہوتا تو تم قرآن کریم کو ہاتھ لگانے کی جرأت نہ کرتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے اپنی کسی کوشش سے دریغ نہیں کروں گا۔ ساتھ ہی چیچن صدر نے اہانت قرآن کی گستاخی کرنے والوں کو پکڑ کر تحویل دینے والے کے لئے ایک کروڑ روبل یعنی تقریبا ایک لاکھ اڑسٹھ ہزار ڈالر کے انعام کا اعلان کیا۔

اُدھر مصر کے جامعہ الازہر نے بھی یوکرینی فوجیوں کے ہاتھوں شانِ قرآنی میں ہوئی گستاخی پر ردعمل دکھایا۔ مفتی شیخ سعد الفقی نے کہا کہ اسلام نے مقدس آسمانی کتب منجملہ توریت و انجیل کی اہانت کو ممنوع قرار دیا ہے۔ انہوں نے یوکرینی فوجیوں کے اقدام کو احمقانہ اور بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا۔

ٹیگس