یمن کے سرحدی علاقے پر سعودی اتحاد کا حملہ، متعدد شہید و زخمی
یمن کے سرحدی علاقے پر سعودی اتحاد کے حملے میں کم سے کم ایک عام شہری شہید اور چھے دیگر زخمی ہوگئے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمنی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب سے ملنے والے یمن کے سرحدی علاقے آل ثابت پر سعودی اتحاد کے حملے میں متعدد افراد شہید و زخمی ہو گئے جبکہ صوبے صعدہ میں شدّا پر گولہ باری میں پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں ۔
یمن کے صوبے صعدہ سمیت سرحدی علاقوں پر سعودی اتحاد کی جارحیت کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے جس میں اب تک یمن کے عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد شہید و زخمی ہو چکی ہے۔
یمن پر دو ہزار پندرہ سے سعودی اتحاد کی جارحیت جاری ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ یمن کے غیر قانونی اور ظالمانہ محاصرے کی بنا پر عوام کے مسائل و مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جن میں غذائی اشیا کی قلت اور ایندھن نیز دواؤں کی کمی و قلت شامل ہے جس سے ایک کروڑ ساٹھ لاکھ سے زائد یمنی عوام کو جان کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔