Apr ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۳:۳۸ Asia/Tehran
  • غزہ پر صیہونی حکومت کا حملہ، میزائلوں سے تحریک مزاحمت کا جواب

غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے بدھ کی صبح غزہ کے علاقوں کو ایک بار پھر جارحیت کا نشانہ بنایا جبکہ تحریک مزاحمت کے اینٹی ایرکرافٹ یونٹ نے ان طیاروں کا مقابلہ کیا اور جواب میں تحریک مزاحمت نے صیہونی آبادی کے علاقوں پر راکٹ اور میزائل برسائے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطینی ذرائع کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے بدھ کی صبح غزہ کے علاقوں کو ایک بار پھر جارحیت کا نشانہ بنایا اور تحریک مزاحمت کے ایک ٹھکانے پر حملہ کیا جبکہ تحریک مزاحمت کے اینٹی ایرکرافٹ یونٹ نے ان طیاروں کا مقابلہ کیا ۔ صیہونی حکومت کے توپ خانے نے بھی غزہ کے شمال میں بیت لاہیہ کے شمال مغرب میں ایک ٹاور اور غزہ کے جنوب میں واقع خان یونس کے الفخاری علاقے میں تحریک مزاحمت کے ایک ٹھکانے اور اسی طرح غزہ میں ہی دیرالبلح کے مشرق میں تحریک مزاحمت کے ایک مرکز پر گولہ باری کی۔

غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے منگل کی رات مسجد الاقصی میں اعتکاف کرنے والے فلسطینی نمازیوں پر بھی حملہ کیا اور انھیں زدوکوب کیا۔

جارح فوجیوں نے اسی طرح کم سے کم چار سو فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔

مسجد الاقصی میں اعتکاف پر بیٹھے فلسطینی نمازیوں پر غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کے حملے کے بعد فلسطین کی تحریک مزاحمت کے گروہوں نے غزہ کے اطراف میں صیہونی آبادیوں پر راکٹوں اور میزائلوں سے حملہ کیا۔ 

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اس حملے کے بعد صیہونی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجنے لگے اور غاصب صیہونیوں میں افراتفری مچ گئی جبکہ ایک راکٹ سدیروت کے علاقے پر بھی گرا۔

صیہونی ذرائع‏ ابلاغ کے اعتراف کے مطابق تحریک مزاحمت کے مجاہدین نے رام اللہ کے جنوب میں عوفر صیہونی چھاؤنی پر فائرنگ کی اور الخلیل کے شمال میں بیت آمر کے قریب ایک صیہونی فوجی کو زخمی کر دیا۔

صیہونی ذرائع نے اسی طرح اعلان کیا کہ غزہ سے، اس کے اطراف کے صیہونی آبادی کے علاقوں پر کم سے دس راکٹ اور میزائل فائر کئے گئے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ فلسطین کی ہلال احمر سوسائٹی نے خبر دی ہے کہ صیہونی فوجیوں نے مسجد الاقصی سے سینکڑوں فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے جبکہ ان فوجیوں نے زخمی فلسطینیوں کی طبی امداد کے لئے وہاں طبی عملے کو جانے سے روک دیا اور نہ ہی ان زخمیوں کو طبی مراکز منتقل ہونے دیا۔ 

مسجد الاقصی میں فلسطینی نمازیوں پر صیہونی جارحیت سے حالات مزید بگڑتے جا رہے ہیں۔ 

غاصب صیہونی اپنے توسیع پسندانہ مقاصد کے حصول کے لئے آئے دن فلسطینی علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بناتے رہتے ہیں جس میں فلسطینیوں کی ایک تعداد شہید و زخمی ہوجاتی ہے اور یا پھر فلسطینیوں کی ایک تعداد کو گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ 
حال ہی میں غاصب صیہونیوں نے مسجد الاقصی کے خلاف اپنی جارحانہ کارروائیاں بھی تیز کر دی ہیں ۔ 
یہ ایسی حالت میں ہے کہ فلسطینی علاقوں پر غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کے بعد فلسطین کی تحریک مزاحمت کے مختلف گروہوں نے تاکید کی ہے کہ تحریک مزاحمت کی جانب سے صیہونی حکومت کی جارحیت کا براہ راست جواب دیا جائے گا اور جوابی اقدام کرنے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

ٹیگس