Apr ۱۴, ۲۰۲۳ ۰۸:۴۹ Asia/Tehran
  • دنیا بھر میں آج یوم قدس کی ریلیاں، مسجد الاقصیٰ کی صدائے ’ھل من ناصر‘ پر فرزندان اسلام کی لبیک

آج دنیا بھر میں عالمی یوم قدس بڑی شان و شوکت سے منایا جا رہا ہے اور گزشتہ چند ماہ کے دوران فلسطین اور مسجد الاقصیٰ میں رونما ہونے والے تلخ واقعات کے پیش نظر عالمی سطح پر ایک باشکوہ یوم القدس کی پیشینگوئی کی گئی ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رہ) نے انقلاب کی کامیابی کے بعد ابتدائی مہینوں (رمضان ۱۳۹۹ہجری) میں ہی ماہ رمضان کے آخری جمعے جمعۃ الوداع کو قبلۂ اول بیت المقدس کے نام کرتے ہوئے اُسے عالمی یوم قدس کا نام دیا تھا۔

مظلومینِ عالم اور اسلام کے دینی مقدسات کے تئیں احساس ذمہ داری اور سیاسی بصیرت و دوراندیشی پر مبنی بانی انقلاب اسلامی کے اس اقدام کے بعد دنیا بھر میں سبھی فرزندان اسلام کے علاوہ دیگر ادیان و مذاہب سے تعلق رکھنے والے حریت پسند بھی آج کے دن سڑکوں پر نکل کر عالمی سامراج کی پروردہ غاصب صیہونی حکومت کے چنگل سے قبلہ اول بیت المقدس اور ارضِ فسلطین کی آزادی کے لئے صدائے احتجاج بلند کرتے ہیں۔

بانی انقلاب اسلامی امام خمینی اور قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام کا سب سے اہم مسئلہ قرار دیتے ہیں جس کے تحت اسلامی جمہوریہ ایران دنیا کی مظلوم اقوام منجملہ فلسطینی قوم کی حمایت کو اپنا بنیادی اور اسٹریٹیجک مسئلہ سمجھتا ہے اور فلسطین کے اصل باشندوں کے ہاتھوں اُس سرزمین کی تقدیر کے فیصلے پر زور دیتا ہے۔

گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے پر مبنی غاصب صیہونی حکومت کے تاریخی ظلم و ستم نے یہ واضح کر دیا ہے کہ وہ کسی قیمت پر فلسطینی قوم کے حقوق کی ادائگی پر تیار نہیں ہوگی اور اُسے لگام دینے کا واحد راستہ استقامت و مزاحمت اور عالمی سطح پر فلسطین کے حق میں آواز اٹھاکر اُسے پسپائی پر مجبور کرنا ہے۔

اسی تناظر میں آج ایران و عالم اسلام سمیت دنیا بھر میں یوم القدس کی ریلیوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے جہاں فرزندان اسلام اور دیگر حریت پسند سڑکوں پر نکل کر فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی کے حق میں آواز اٹھا رہے ہیں۔ محاذ استقامت کے سبھی کمانڈروں منجملہ حزب اللہ لبنان، جہاد اسلامی فسلطین، حماس اور دیگر مزاحمتی تنظیموں کے سربران نے آج یوم قدس کی ریلیوں کی حساسیت اور اس میں شرکت پر زور دیا ہے۔

ایران اسلامی میں بھی آج بڑے عظیم الشان انداز میں عالمی یوم قدس منایا جا رہا اور ملک بھر کے آٹھ سو سے زائد شہروں اور قصبوں میں ریلیوں کا اہتمام ہورہا ہے جس میں آج لاکھوں روزہ دار قبلۂ اول بیت المقدس اور ارضِ فلسطین کے ساتھ اپنی حمایت و وفاداری کا اعلان کرنے کے لئے سڑکوں پر نکل رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ ایران کے ساتھ ساتھ  دنیا کے تقریبا 80 ممالک میں بھی ہر سال عالمی یوم قدس کے موقع پر ریلیوں، تقریبات، اجتماعات، اور سمیناروں کا اہتمام کیا جاتا ہے جن میں فرزندان اسلام کے علاوہ دیگر ادیان و مذاہب سے تعلق رکھنے والے حریت پسند بھی بڑی تعداد میں حصہ لیتے ہیں۔

 

ٹیگس