دبئی کی رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 25 افراد جاں بحق و زخمی
دبئی کی ایک رہائشی عمارت کی چوتھی منزل میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتجے میں 16 افراد جاں بحق جبکہ 9 زخمی ہو گئے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: امارت الیوم نے دبئی کے شہری دفاع کے حوالے سے بتایا ہے کہ آتشزدگی کا واقعہ ہفتے کو ڈیرہ دبئی کی رہائشی عمارت الراس میں پیش آیا۔ دبئی سول ڈیفنس آپریشنز روم کو دوپہر ساڑھے بارہ بجے آگ لگنے کی اطلاع دی گئی۔
اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیم نے وقت پر پہنچ کر انخلاء اور آگ بجھانے کی کارروائیاں شروع کر دیں ، آتشزدگی کے نتیجے میں 16 افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ 9 زخمیوں کو فوری طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا ۔
رپورٹ کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں حفاظت اور سکیورٹی کے بنیادی تقاضے پورے نہ ہونے کو آگ بھڑکنے کا باعث قرار دیا گیا ہے تاہم متعلقہ حکام حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عینی شاہدین کاکہنا ہے کہ انہوں نے عمارت سے آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے، سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز میں اپارٹمنٹ کی کھڑکی سے گاڑھا سیاہ دھواں اور شعلے بھڑکتے دکھائی دیے گئے ہیں ۔
عمارت میں واقع ایک دکان میں کام کرنے والے کاریگر کا کہنا تھا کہ انہوں نے "ایک زوردار دھماکے" کی آواز سنی تاہم اس لمحے میں وہ یہ نہیں سمجھ سکے کہ کیا ہو رہا ہے؟ بعدازاں ہم نے کھڑکی سے دھوئیں اور آگ کے بادل دیکھے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ کچھ نعشوں کی شناخت ان کے لواحقین کی مدد سے کرلی گئی ہے جبکہ تین زخمی تاحال ہسپتال میں موجود ہیں جن کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر کے مہینے میں بھی خلیفہ ٹاور کے قریب ایک 35 منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی تھی۔