May ۰۱, ۲۰۲۳ ۱۴:۱۶ Asia/Tehran
  • سلامتی کونسل یمن میں قیام امن کی خواہاں نہيں!

یمن کی انسانی حقوق کی وزارت نے اعلان کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، ایک غیر جانبدار مصالحتکار کی حیثیت سے کبھی یمن میں امن کے درپے نہیں رہی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام:یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سبا کی رپورٹ کے مطابق یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کی وزارت انسانی حقوق نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ یمنی عوام پر جارحیت کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے دوہرے معیار کا رویہ اختیار کر کے صرف گھناؤنا کردار ادا کیا ہے اور وہ یمنی عوام پر جارحیت جاری رکھے جانے اور یمن کو جارحیت کا نشانہ بنانے والوں کی حمایت کرتی رہی ہے۔ 

 یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کی وزارت انسانی حقوق نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ہمیشہ اس حقیقت کو ثابت کیا ہے کہ وہ عالمی سطح پر کہیں پر بھی امن و سلامتی کا دفاع کرنے میں ناتواں رہی ہے اور ہمیشہ امریکہ و برطانیہ کے اغراض و مقاصد کے حصول کے لئے استعمال ہوتی رہی ہے۔

  یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کی وزارت انسانی حقوق کے بیان کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یمن میں کبھی کوئی مثبت کردار ادا نہیں کیا اور اسی بنا پر یمنی قوم کی نظر میں وہ ہمیشہ قابل نفرت بنی رہی ہے۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ یمن میں تو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ہمیشہ جارحین کے حق میں کردار ادا کیا ہے اور یمن کے مسئلے میں یہ عالمی ادارہ امریکہ اور برطانیہ کے ہاتھ کا کھلونا بنا رہا ہے۔

یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کی وزارت انسانی حقوق نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنے حالیہ ایک بیان میں امن کے تناظر میں یمنی قوم کی پائیداری کو متاثر کرنے کے لئے انھیں پیچھے ہٹنے پر مجبور کرنے کی کوشش کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنے حالیہ ایک بیان میں سعودی عرب کی سربراہی میں سعودی اتحاد کی جارحیت کی طرف کوئی اشارہ کئے بغیر یمن میں قیام امن کے لئے عمان کی کوششوں کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کی کوششوں کی قدردانی کی ہے۔ 

ٹیگس