May ۱۱, ۲۰۲۳ ۰۷:۱۱ Asia/Tehran
  • صیہونی بربریت کے خلاف فلسطینی مجاہدین کی جوابی کارروائیاں، میزائلوں کی بارش، آئرن ڈوم فیل (ویڈیو)

فلسطینی مزاحمتی محاذ نے ناجائز صیہونی حکومت کے معروف دفاعی سسٹم آئرن ڈوم کی ہوا نکال دی اور وہ جنگ کے آغاز کے بعد سے پہلی بار فلاخن داؤد نامی اپنے میزائل دفاعی سسٹم کو استعمال کرنے پر مجبور ہو گئی۔

سحر نیوز/عالم اسلام: بدھ کے روز فلسطینی مزاحمتی محاذ نے اپنے کمانڈروں کی شہادت کے انتقام میں ناجائز صیہونی بستیوں کو اپنے میزائل اور راکٹوں کے نشانے پر لے لیا ہے اور اب تک موصولہ اطلاعات کے مطابق کم از کم سات سو راکٹ مقبوضہ علاقوں کی جانب فائر کئے جا چکے ہیں۔

 
راکٹوں کی تعداد اس قدر تھی کہ صیہونی حکومت کے فوجی ماہرین اور ذرائع ابلاغ نے یہ اعتراف کیا ہے کہ اُن کا آئرن ڈوم دفاعی سسٹم ان کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہا اور پھر اُس نے فلاخن داؤد دفاعی سسٹم کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا۔ صیہونی فوجی کے ترجمان نے اعتراف کیا ہے کہ اُس کا آئرن ڈوم دفاعی سسٹم غزہ سے فائر ہونے والے دوسو ستر راکٹوں میں سے صرف باسٹھ راکٹوں کو ہی ٹریک کر سکا۔

بعض ذرائع نے یہ احتمال ظاہر کیا ہے کہ اس بار غزہ میں سرگرم فلسطینی مزاحمت نے خیبر ایک نامی مختلف قسم کے راکٹ صیہونی دارالحکومت تل ابیب کی جانب فائر کئے جن کا مقابلہ کرنے کے لئے صیہونی فوج اپنا فلاخن داؤد سسٹم استعمال کرنے پر مجبور ہوئی۔

مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی راکٹوں نے خوف و ہراس کا ماحول پیدا کر دیا ہے اور گاہے بگاہے پورے مقبوضہ خطے میں خطرے کے سائرن کی گونج سنائی دے جاتی ہے اور صیہونی شہری زیر زمین بنی پناہ گاہوں میں گھسنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ عسقلان، سدیروت، اسدود، تل ابیب، بئر السبع، نیرعام، مفلاسیم، ناحل غور، حولون اور ریشون لتسیون میں بارہا خطرے کے سائرن کی گونج سنائی دی جا چکی ہے۔

یاد رہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے منگل کے روز غزہ کے بعض علاقوں پر بمباری کر کے جہاد اسلامی فلسطین کے تین کمانڈرون اور انکے اہل خانہ سمیت کم از کم اکیس کو شہید اور بیالیس کو زخمی کر دیا تھا۔

ٹیگس