May ۲۱, ۲۰۲۳ ۱۰:۳۵ Asia/Tehran
  • صیہونی فوجی اپنی چوری پر پشیماں، مسجد الاقصیٰ کی چابی لوٹا دی (ویڈیو)

سابق صیہونی فوجی نے پانچ دھائیوں کے بعد مسجد الاقصیٰ کے ایک دروازے کی چوری کی ہوئی ایک چابی کو لوٹاتے ہوئے کہا ہے کہ یہی وہ کام ہے جو اسرائیل کو فلسطینی عوام کے حق میں انجام دینا چاہئے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کے ادارۂ اوقاف اسلامی نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایک سابق صیہونی فوجی یائیر باراک کو دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ مسجد الاقصیٰ کی ایک چابی مذکورہ ادارے کے سربراہ شیخ عزام الخطیب کے حوالے کر رہا ہے۔

صیہونی فوجی نے مسجد الاقصیٰ کی چابی ادارۂ اوقاف اسلامی کے حوالے کرتے ہوئے کہا کہ چالیس یا پچاس سال گزر جانے کے بعد مجھے یہ احساس ہوا کہ مسجد الاقصیٰ کی مغربی دیوار کے ایک دروازے باب المغاربہ کی چابی ابھی میرے پاس ہے جو اچھی بات نہیں ہے، کیوں کہ میں نے اُسے چرا لیا تھا، اس لئے میں نے اُسے اس کے حقیقی مالکان کو لوٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مذکورہ صیہونی فوجی نے مزید کہا کہ آج یہ چابی اپنے مالکان کے پاس واپس لوٹ چکی ہے اور یہی وہ کام ہے جو اسرائیل کو کرنا چاہیئے اور زمین، حقوق، احترام، خودمختاری، آزادی، اور سکیورٹی کو فلسطینی عوام کو لوتا لینا چاہیئے۔

یائیر پاراک کا یہ بھیک ہنا تھا کہ یہ چابی اسکے مالکان تک لوٹا دینے کے بعد میرے اندر یہ احساس جاگ اٹھا ہے کہ میں نے ایک بڑا کام کیا ہے اور وہ بھی برسوں کے سوچ بچار کے بعد، اور مجھے امید ہے کہ میرے اس کام کا لوگوں پر مثبت اثر پڑے گا۔

صیہونی حکومت کے سابق فوجی نے فلیگ مارچ کے حوالے بھی کہا کہ نام نہاد "یوم قدسِ یہودی"، سال کا بدترین دن ہے اور میں نے عرصۂ دراز سے اس دن کے آنے پر کوئی خوشی نہیں منائی ہے کیوں کہ اس کا مطلب بیت المقدس پر ناجائز قبضہ ہے۔

ٹیگس