Jun ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۷:۰۲ Asia/Tehran
  • علاقائی اور بین الاقوامی مسائل میں شام کے ساتھ ہم آہنگی اہمیت کی حامل ہے: عراقی صدر

عراق کے صدر نے شام کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی مسائل میں دونوں ملکوں کے صلاح و مشورے اور ہم آہنگی پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: سانا کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صدر عبداللطیف جمال رشید نے شامی وزیر خارجہ فیصل مقداد کے ساتھ اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے گہرے تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو ختم کرنے اور سرحدوں کو کنٹرول کرنے کے لیے دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔

شام کے وزیر خارجہ فیصل مقداد نے بھی شام کے بارے میں عراق کے بھرپور اور ٹھوس موقف اور عرب لیگ کے اجلاسوں میں دوبارہ شرکت کے لیے اس کے قابل ذکر سفارتی کردار کی تعریف کی۔

شام کے وزیر خارجہ نے شام پر لگائی گئی ظالمانہ پابندیوں کے شامی عوام پر اثرات کو بیان کرتے ہوئے سیاسی ، سیکورٹی اور ترقیاتی میدانون میں عراق کے اہم اقدامات پر مسرت کا اظہار کیا۔

عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السوڈانی نے بھی شام کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی ہے جس میں انھوں نے کہا کہ عراق شامی عوام کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے اور وہ شام کی ارضی سالمیت کے تحفظ پر زور دیتا ہے۔

فیصل مقداد نے بھی اس ملاقات میں شام کے بحران کے دوران عراق کے موقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شام عرب بھائیوں کے مابین تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے عراق کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

ٹیگس