ایٹمی فضلہ ملک میں دفن کرنے پر انصاراللہ یمن کی سعودی حکومت پر نکتہ چینی
انصاراللہ یمن نے سعودی عرب پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنا ایٹمی فضلہ یمنی علاقے میں دفن کر رہا ہے اور اس حوالے سے ریاض اور سعودی حامی یمنی ریاستی شوری کے درمیان ہونے والے معاہدے پر متبہ کیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: المیسرہ کی رپورٹ کے مطابق انصاراللہ یمن کہا ہے سعودی عرب ملکی سرحدوں کے اندر اپنا ایٹمی فضلہ دفن کر رہا ہے۔ انصاراللہ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ بحیرۂ احمر اور بحیرۂ عرب میں ریڈی ایشن سے اب تک ہزاروں ٹن مچھلیاں مر چکی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق انصاراللہ یمن نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کی نگرانی میں عرب اتحاد کی جانب سے یمن کو ایٹمی فضلے کے کوڑے دان میں تبدیل کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اب تک یمن کے صحراؤں، بحیرۂ احمر اور بحیرۂ عرب میں ایٹمی تابکار مواد سے ہزاروں ٹن مچھلیاں ہلاک ہو چکی ہیں جب کہ عدن، ابین، المھرہ اور حضرموت کے صوبوں میں مرجان کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
انصاراللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب نے یمن کو بین الاقوامی طور پر ممنوعہ ہتھیاروں کی تجربہ گاہ میں تبدیل کر دیا ہے اور یمن میں یہ ہتھیار امریکہ، اسرائیل اور دوسرے مغربی ممالک کی حمایت سے استعمال کئے گئے ہیں۔