افغانستان کے راستے ترکمانستان سے پاکستان کے لئے تیل اور گیس کی منتقلی پر طالبان آمادہ
افغانستان کی ٹرانزیٹ کمیٹی نے ترکمانستان سے پاکستان کو تیل اور گیس کی منتقلی کے لئے افغانستان کا راستہ استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: تسنیم نیوز کی رپورٹ کے مطابق طالبان کی نیشنل ٹرانزیٹ کمیٹی نے ترکمانستان سے افغانستان کے راستے پاکستان کو گیس اور تیل کی فراہمی کی اجازت دے دی ہے اور اس کے مطابق وسطی ایشیا سے جنوبی ایشیاء کو گیس اور تیل کی فراہمی ممکن ہو پائے گی۔
پاکستان کے وزیر تجارت اور سرمایہ کاری سید نوید قمر نے گزشتہ سال کہا تھا کہ پاکستان اقتصادی پلان کے مطابق افغانستان کو تجارتی، ٹرانزیٹ اور حمل و نقل کے مرکز میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور اس مقصد کے لئے انہوں نے ازبکستان سے ٹرانزیٹ معاہدہ پر دستخط کئے ہیں اور اسی طرح کی قرارداد قازقستان اور تاجیکستان کے ساتھ بھی کرنے کے لئے مذاکرات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال ازبکستان سے افغانستان کے راستے پہلی کھیپ پاکستان پہنچی تھی اور اسی طرح سے پاکستان کا تجارتی مال افغانستان کے راستے تاشقند برآمد ہوا تھا۔