Jun ۲۹, ۲۰۲۳ ۰۷:۴۱ Asia/Tehran
  • عید الاضحیٰ، ایثار و فداکاری اور جذبۂ اطاعت و بندگی کا استعارہ

فرزندان اسلام آج دنیا کے مختلف ممالک میں عید بندگی عید الاضحیٰ نہایت عقیدت و احترام سے منا رہے ہیں۔ بارگاہِ رب العزت میں اپنی ہستی کو قربان کرنے کا جذبہ رکھنے والے سبھی بندگان خدا کو عید الاضحیٰ، عیدِ قرباں مبارک ہو۔

سحر نیوز ڈیسک: اسلامی کیلینڈر کے آخری مہینے ذی الحجہ کی دس تاریخ کو سبھی فرزندان اسلام عید الاضحیٰ مناتے ہیں جسے عید قربان بھی کہا جاتا ہے۔

عید الاضحیٰ یا بقرعید عالم اسلام کی عظیم عیدوں میں سے ایک ہے جس دن خدائے سبحان نے اپنے نبی حضرت ابراہیم علیہ السلام کے خلوص و ایمان کو آزمانے کے لئے ان کا ایک سخت اور انوکھا امتحان لیا اور انہیں اپنے فرزند اسماعیل کو راہ خدا میں قربانی کرنے کا حکم دیا۔

جناب ابراہیم علیہ السلام نے بھی اس فریضے کی دشواری کے باوجود تمام تر خلوص کے ساتھ اپنے بیٹے اسماعیل کو راہ خدا میں قربان کرنے کا فیصلہ کیا تاہم پروردگار نے اپنی نبی ابراہیم کا خلوص آزما لینے کے بعد انہیں کامیابی کی سند عطا کی اور قربانی کے وقت ایک دنبے کو از راہ غیب بھیج کر جناب ابراہیم علیہ السلام کی قربانی کے اسباب فراہم کئے۔

عید قرباں راہ خدا میں اپنی عزیزترین قربانی کو پیش کرنے کی ابراہیمی سنت کی یاد تازہ کرتی ہے۔ اس دن فرزندان توحید اپنے معبودِ یکتا کی بارگاہ میں قربانی پیش کرتے ہیں جو درحقیقت بندے کے اپنے پالنے والے کے ساتھ تجدید عہد کا استعارہ ہے، یعنی بندہ پہلے نماز اور پھر قربانی کے ذریعے یہ اعلان کرتا ہے کہ پالنے والے میں تیرا ہوں اور میرا سب کچھ تیرا ہے۔
آج ایران و عراق اور ہندوستان و پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں عیدِ قربان بڑے ہی جوش و خروش کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ نئے اور پاک و پاکیزہ لباس میں ملبوس فرزندان توحید کہیں تو سربسجود ہیں تو کہیں قربانی کر رہے ہیں۔ کہیں چھوٹے بڑوں میں عیدی کا تبادلہ ہو رہا ہے تو کہیں غریبوں اور ناداروں کی دستگیری کے لئے لوگ متحرک دکھائی دے رہے ہیں۔

آج کی صبح نمودار ہوتے ہی سبھی فرزندان اسلام اپنے رب کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے تگ و دو میں لگ گئے اور مختلف انداز میں اپنی بساط بھر اپنے معبود کے ساتھ ساتھ اسکے بندوں سے بھی اپنے رشتوں کو سنوارنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب، قطر، عرب امارات افغانستان سمیت کئی ممالک نے عید منائی۔ پاکستان میں بھی بعض اقوام نے گزشتہ روز عید کی نماز ادا کی۔ ایران سمیت مختلف اسلامی ممالک کے سربراہوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

ہندوستان کی صدر دروپدی مورمو اور پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے بھی اپنے اپنے ہموطنوں کو عید کی مبارکباد پیش کی ہے۔

سحر عالمی نیٹ ورک عید الاضحیٰ کے اس مبارک موقع پر اپنے تمام سامعین، ناظرین اور کرم فرماوں کی خدمت میں دلی مبارکباد پیش کرتا ہے۔

ٹیگس