غاصب صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں فلسطینی خواتین کی بےاحترامی
اسلامی بیداری عالمی اسمبلی نے صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں فلسطینی خواتین کی بےاحترامی اور ان کی توہین کے بعد اس وحشیانہ اقدام کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینی گروپوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ظالم صیہونی حکومت کی حتمی اور یقینی شکست تک کسی بھی کوشش سے دریغ نہ کریں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: صیہونی فوج کی دو خاتون اہلکاروں نے اسلحے اور فوجی کتوں کے ساتھ دھمکی دے کر الخلیل شہر کی رہنے والی پانچ فلسطینی خواتین کے ساتھ بےاحترامی اور ان کی توہین کی۔ ان فوجی خواتین نے فلسطینی خواتین کو دھمکی دی کہ اگر انھوں نے اپنا لباس مکمل طور پر نہ اتارا تو وہ ان پر کتے چھوڑ دیں گی۔
اسلامی بیداری عالمی اسمبلی نے فلسطینی خواتین کے ساتھ اس توہین آمیز اور غیرانسانی سلوک کے بعد ایک بیان میں اس اقدام کو عظیم فلسطینی قوم کے حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ اس واقعہ کے ذمہ داروں کو دنداں شکن جواب کا انتظار کرنا چاہیے۔ اس بیان میں مزید کہا گيا ہے کہ بلاشبہ آج کی مسلمان قومیں اس جعلی حکومت کی مجرمانہ اور خبیث ماہیت سے زیادہ آگاہ اور باخبر ہیں اور اسی بنا پر ہم دیکھ رہے ہیں کہ یہ غاصب حکومت عالمی سطح پر زیادہ تنہائی کا شکار ہو گئی ہے اور اب روز بروز اس کے علاقائی اتحادی اس کا ساتھ چھوڑتے جا رہے ہیں۔
اسلامی بیداری عالمی اسمبلی کے بیان میں آیا ہے کہ سفاک صیہونی حکومت اپنے خاتمے کے قریب پہنچ چکی ہے اور خطے کے اسلامی ملکوں کو ہوشیاری کے ساتھ اس کے تعلقات کو معمول پر لانے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ ہر آزاد اور مسلمان قوم پر یہ واضح و آشکار ہے کہ ایسی حکومت کے ساتھ رابطہ کہ جو حتی بنیادی ترین انسانی حقوق اور اصولوں کی پابند نہیں ہے، کبھی بھی قابل اعتماد نہیں ہو سکتا۔