ترجمان القسام بریگیڈ: ہر طرح کی صورتحال کےلئے تیار ہیں، بمباری کے دباؤ میں مذاکرات نہیں کریں گے
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ملٹری شعبہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ 60 گھنٹے گزرنے کے باوجود صیہونی دشمن جدیدترین ہتھیار رکھنے کے باوجود مزاحمتی فورسز کا مقابلہ کرنے سے عاجز ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: تسنیم نیوز کی رپورٹ کے مطابق القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے کہا ہے کہ جنگ کو 60 گھنٹے گزر گئے ہیں لیکن صیہونی دشمن مزاحمتی فورسز کا مقابلہ کرنے سے عاجز ہے۔
رپورٹ کے مطابق القسام بریگیڈ کے ترجمان نے کہا کہ طوفان الاقصی آپریشن مسلسل کئی سال کی منصوبہ بندی اور تیاری کے بعد اس وقت کیا گیا جب صیہونی دشمن نے مسجد اقصی پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دشمن کی فوج کے بہت سے افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور ہم ایک طولانی جنگ اور ہر طرح کی صورتحال کےلئے آمادہ ہیں اور صیہونیوں کی جانب سے زمینی جنگ کی دھمکی تمسخرآمیز ہے۔
ابوعبیدہ نے مزید کہا کہ دشمن نے یہ سوچا ہوا تھا کہ مغربی کنارے کے فلسطینی بے یار و مددگار ہین، اسی لئے اس نے گزشتہ دو سال میں سینکڑوں فلسطینیوں کو شہید اور ہزاروں کو زخمی کیا ہے۔
القسام کے ترجمان نے کہا کہ طوفان الاقصی دشمن کے انہی مظالم کا جواب دینے کےلئے شروع کیا گیا ہے اور ہماری جنگ کئی مقامات پر جاری ہے اور ہم اپنی افواج کو نئی تازہ دم افواج سے بدل رہے ہیں اور دشمن کے ہتھیاروں پر قبضہ اور انہیں گرفتار کر رہے ہیں۔ ہماری فورسز نے میرکاوا اور دوسرے ٹینکوں کو ناکارہ بنایا ہے اور ہم اس بات پر تاکید کر رہے ہیں کہ بمباری اور حملے کے سائے میں کسی بھی قسم کے مذاکرات شروع نہیں کریں گے۔ ابوعبیدہ نے کہا کہ فلسطینی قیدیوں کا معاملہ بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے اور اس کا تاوان قابض صیہونی دشمن کو دینا پڑے گا۔