Oct ۱۳, ۲۰۲۳ ۰۹:۲۵ Asia/Tehran
  • ایرانی وزیر خارجہ: غزہ پر حملے جاری رہے تو صیہونیوں کے خلاف دیگر محاذ بھی کھل سکتے ہیں

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ صیہونیوں کی جانب سے جنگی جرائم جاری رہنے کی صورت میں صیہونی حکومت کے خلاف مزید محاذ کھل سکتے ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: حسین امیر عبداللہیان جمعے کی صبح بیروت ایئرپورٹ پر پہنچے جہاں لبنان کی وزارت خارجہ کے حکام اور تحریک حماس کے نمائندے نے ان کا استقبال کیا۔
حسین امیر عبداللہیان نے بیروت پہنچنے کے بعد کہا کہ بعض مغربی حکام نے پوچھا کہ کیا صیہونی حکومت کے خلاف مزید محاذ کھلنے کا امکان پایا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صیہونیوں کے جنگی جرائم جاری رہنے کی صورت میں دوسرے محاذوں پر ان کو ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا جس کی ذمے داری صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں پر عائد ہوگی۔
ایران کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہم بیروت میں ہیں اور بہ آواز بلند اس بات کا اعلان کرتے ہیں ہم دوسرے ممالک اور اسلامی حکومتوں کے ساتھ مل کر غزہ کے عوام پر صیہونی حکومت کے مظالم برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دسیوں ہزار فلسطینیوں کو بے گھر کرنا اور پانی، بجلی، اشیائے خورد و نوش اور ادویات کا بند کیا جانا صیہونی حکومت کا جنگی جرم ہے۔
حسین امیر عبداللہیان نے مزید کہا کہ ہم عراقی حکام کے ساتھ مشاورت کے بعد لبنانی حکام کے ساتھ غزہ کی صورتحال، صیہونی حکومت کے جنگی جرائم اور اسلامی دنیا میں ضروری اقدامات کے بارے میں مشاورت کریں گے۔
واضح رہے کہ حسین امیر عبداللہیان عراق کے بعد لبنان کا دورہ کر رہے ہیں۔

ٹیگس