Oct ۱۴, ۲۰۲۳ ۲۰:۱۵ Asia/Tehran
  • غزہ کے تازہ حالات کے بارے میں او آئی سی کا ہنگامی اجلاس

غزہ کے تازہ حالات کے بارے میں او آئی سی کا ہنگامی اجلاس 18 اکتوبر کو جدے میں منعقد ہوگا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: خبررساں ایجنسی اسپتنک کی رپورٹ کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم، او آئی سی، نے آج ایک بیان جاری کرکے بتایا ہے کہ اس تنظیم کی طرف سے 18 اکتوبر کو سعودی عرب کے شہر جدے میں، جہاں او آئی سی کا صدر دفتر بھی ہے، ہنگامی اجلاس منعقد ہوگا جس میں غزہ پٹی کے تازہ حالات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس رپورٹ کے مطابق یہ ہنگامی اجلاس سعودی عرب کی درخواست پر بلايا گیا ہے اور اجلاس وزرائے خارجہ کی سطح کا ہوگا۔

سعودی عرب کے الاخباریہ چینل کے مطابق ریاض نے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے فوری انعقاد کی درخواست کی تھی تاکہ غزہ پٹی کی تازہ ترین صورت کا جائزہ لیا جاسکے۔

واضح رہے کہ اسلامی استقامتی محاذ کے "طوفان الاقصیٰ" آپریشن کے آٹھویں دن غزہ پٹی کے شمالی، مشرقی اور مغربی علاقوں پرغاصب اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے جاری ہیں جن میں اب تک 2215 فلسطینی شہید اور 8714 زخمی ہوچکے ہیں۔

ادھر غرب اردن میں بھی اس درمیان 64 فلسطینی شہید ہوئے ہیں اور زخمیوں کی تعداد 1100 سے زیادہ ہے۔

 

ٹیگس