غرب اردن میں صیہونی فوجیوں کا حملہ، 7 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی
پریس ذرائع نے رپورٹ دی ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے غرب اردن کے مختلف علاقوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا ہے جہان فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور صیہونی جارحیت میں سات فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ کئی دیگر کو صیہونی فوجیوں نے گرفتار کر لیا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے جمعرات کو غرب اردن کے مختلف علاقوں منجملہ بیت لحم کے جنوبی علاقے الدہیشہ، طول الکرم میں نور شمس کیمپ اور قلقلیہ پر حملہ کیا جہاں فلسطینیوں اور غاصب صیہونی فوجیوں میں جھڑپیں ہوئیں اور صیہونی جارحین نے فائرنگ کر کے سات فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے دسیوں فلسطینیوں کو گرفتار بھی کر لیا۔ غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے طولکرم میں نور شمس کیمپ پر حملہ کیا اور اس علاقے کو فوجی بند علاقہ قرار دے دیا۔
یہ صیہونی جارحیت ایسے میں انجام دی گئی ہے کہ غزہ میں نہتھے اور عام شہریوں کے خلاف صیہونی فوج کے جارحانہ حملے بدستور جاری ہیں جبکہ گذشتہ چند گھنٹوں میں دسیوں فلسطینی شہید و زخمی ہوئے ہیں۔