صیہونی فوجیوں پر حزب اللہ کا اب تک کا سب سے بڑا حملہ
عبرانی میڈیا نے لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کی طرف سے صیہونی فورسز پر تباہ کن حملے اور کم از کم تین فوجیوں کی ہلاکت کی خبر دی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں میں حزب اللہ نے اسرائیلی فوج کو بڑا نقصان پہنچایا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حزب اللہ لبنان کے نوجوانوں نے برنیت چھاونی پر گائیڈڈ میزائل سے حملہ کیا جس میں بڑی تعداد میں اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔
اسرائیلی میڈیا نے تین فوجیوں کی ہلاکت اور چار دیگر کے زخمی ہونے کا اعتراف کیا۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کا جوابی حملہ بالکل سٹیک اور دقیق تھا اور برنیت چھاونی کے قریب میزائل حملے میں تین پیادہ فوجی مارے گئے۔
عبرانی میڈیا نے تسلیم کیا ہے کہ اسرائیلی فورسز کو حزب اللہ کی جانب سے اب تک کے سب سے بڑے حملے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی اخبار اسرائیل ہیوم نے لبنان کے مزاحمتی ڈرون طیارے کی اسرائیل میں دراندازی کی خبر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرون کی دراندازی کی اطلاع ملتے ہی سائرن بجنے لگے اور وہاں رہنے والے خوفزدہ ہوگئے اور چھپنے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔
اسرائیلی ذرائع نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ غیر قانونی طور پر مقبوضہ فلسطین کی برینت اور ناتوا چھاؤنیوں میں فائرنگ کی آواز سنی گئی۔