Oct ۲۴, ۲۰۲۳ ۰۹:۱۰ Asia/Tehran
  • شام میں امریکی اڈوں پر عراق کے استقامتی گروہوں کے حملے

شام میں امریکی فوج کے زیر قبضہ دیر الزور کے مشرق میں واقع العمر نامی آئل فیلڈ میں دھماکے کی خبر ہے۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: شام کے علاقے دیرالزور کے مشرقی مضافات میں واقع آئل فیلڈ میں جو امریکا کے قبضے میں ہے زبردست دھماکہ ہوا ہے۔ دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ شام کی فوج نے دیرالزور کی العمر آئل فیلڈ اور الحسکہ کے جنوب میں الشدادی میں دھماکے کی تصدیق کی ہے ۔ شامی فوج نےبتایا ہے کہ یہ ڈرون حملہ تھا۔ چند گھنٹوں کے اندر مذکورہ آئل فیلڈ پر کہ جہاں امریکی فوج نے اپنا اڈہ بنا رکھا ہے، یہ دوسرا حملہ ہے۔ پیر کی شام کو بھی العمر آئل فیلڈ میں قابض امریکی فوج کے اڈے پر ڈرون حملہ ہوا تھا ۔

اس حملے کی ذمہ داری عراق کے اسلامی استقامتی گروہ نے قبول کی تھی۔ا س سے پہلے شام کے ہی التنف اور الرکبان نامی علاقوں میں بھی امریکی فوجی اڈوں پر عراق کے ایک اسلامی استقامتی گروہ نے ڈرون حملہ کیا تھا۔عراق کے اسلامی استقامتی گروہ نے پیر کو ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا تھا کہ اس نے التنف اور الرکبان میں امریکی فوجی اڈوں کو بہت ہی دقت کے ساتھ نشانہ بنایا ہے ۔

یاد رہے کہ غزہ کے المعدانی اسپتال پر صیہونی حکومت کی وحشیانہ بمباری کے بعد عراق کے اسلامی استقامتی گروہوں نے امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد عراق میں امریکا کے فوجی اڈوں پر متعدد حملے ہوچکے ہیں۔عراق کے علاقے الانبار میں واقع امریکا کی عین الاسد فوجی چھاؤنی پر اسلامی استقامتی گروہ کے میزائل اور ڈرون حملوں میں کم سے کم تین امریکی فوجیوں کے ہلاک اور چھے کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئي ہے۔

ٹیگس