تل ابیب پر راکٹوں کی بارش، صیہونی بنکروں میں چھپ گئے
فلسطینی استقامت نے تل ابیب پر راکٹوں سے حملہ کیا ہے۔ جس کے بعد صیہونی بنگروں میں چھپ گئے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق استقامت کے مجاہدین نے تل ابیب، مقبوضہ قدس ، یافا اور فلسطین کے مرکزی علاقوں پر راکٹ برسائے ہیں ۔ اس رپورٹ کے مطابق تل ابیب، حولون، اللد، ریشون لتزیون، رمات ہشارون ، رمات گان ، بت دگان ، گفعتایم، اوریہودا، کفار حاباد اور بن گوریون ایئرپورٹ میں راکٹ حملوں کے لئے خطرے کے سائرن بجا دیئے گئے۔
القسام بریگيڈ نے کہا ہے کہ یہ حملے غزہ کے باشندوں پرغاصب صیہونی حکومت کے مظالم کے جواب میں کئے گئے ہیں۔
صیہونی حکومت کے چینل بارہ کی رپورٹ کے مطابق کم از کم دس راکٹ گوش دان اور تل ابیب پر فائر کئے گئے ہیں۔
عبری ذرائع نے جنوبی تل ابیب میں واقع رحفوت علاقے میں متعدد راکٹ گرنے کی خبر دی ہے۔ قسام بریگیڈ نے چند منٹ پہلے ایک بار پھر تل ابیب شہر پر راکٹ برسائے ہیں ۔ صیہونی حکومت کے چینل گيارہ نے بھی کہا ہے کہ تل ابیب میں واقع بن گوریون ایئرپورٹ کے قریبی علاقے ایہود پر دو راکٹ گرنے کے بعد اس ایئرپورٹ سے پروازوں کا سلسلہ روک دیا گيا ہے۔