غزہ میں اسپتال اور طبی مراکز تباہ، مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کو پریشانی کا سامنا
غزہ میں دو غیر ملکی اسپتالوں کے سربراہوں نے طبی مراکز پر صیہونی جارحیت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اس علاقے میں انسانی المیہ رونما ہونے پر خبردار کیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی وزارت صحت نے خبر دی ہے کہ غزہ میں کینسر اسپتال کو دوسری بار صیہونی حکومت نے جارحیت کا نشانہ بنایا ہے۔ غزہ میں ترک دوست اسپتال کے سربراہ نے بھی کہا ہے کہ اسپتالوں کو جارحیت کا نشانہ بنائے جانے میں مختلف امراض میں مبتلا مریض شہید و زخمی ہو رہے ہیں جن میں کینسر کے مریض بھی شامل ہیں۔
غزہ میں انڈونیشین اسپتال کے سربراہ نے بھی کہا ہے کہ غزہ کے اسپتالوں اور طبی مراکز کو ایسی حالت میں صیہونی جارحیت کا سامنا ہے کہ ان اسپتالوں میں گنجائش سے زیادہ مریض موجود ہیں اور عام شہریوں نے پناہ لے رکھی ہے۔ فلسطین کی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق غزہ میں اب تک تین اسپتال بند ہو چکے ہیں اور پچیس دیگر اسپتالوں کو خاصا نقصان پہنچا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ غزہ میں دواؤوں اور دیگر بنیادی ضروریات کو پورا کئے جانے کی اشد ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ غزہ کے الاہلی اسپتال پر حالیہ صیہونی جارحیت میں مریضوں اور پناہ لینے والے عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد شہید و زخمی ہوئی ہے۔