غاصب فوجیوں کی بمباری میں مزید 7 صیہونی قیدی ہلاک
تحریک حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ جبالیا کیمپ پر گزشتہ روز ہونے والی غاصب اسرائيلی فوجیوں کی بمباری میں 7 صیہونی قیدی ہلاک ہوگئے ہیں۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے آج بدھ کے روز بتایا کہ غزہ پٹی میں واقع جبالیا کیمپ پر ہونے والے غاصب اسرائیلی فوجیوں کے وحشیانہ حملے میں 3 غیر ملکی شہریوں سمیت 7 صیہونی قیدی ہلاک ہوگئے ہیں۔
القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے اس سے پہلے غزہ پٹی پر غاصب صیہونی حکومت کی فوج کے حملوں میں 50 صیہونی قیدیوں کی ہلاکت کی خبر دی تھی۔ اس طرح اب مجموعی طور پر غاصب صیہونی حکومت کے حملوں میں 57 صیہونی قیدی ہلاک ہوچکے ہیں۔
دریں اثنا تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے ایک رکن غازی حمد نے کہا ہے کہ غاصب افواج کو حملوں اور جارحیت کا اتنا جنون ہے کہ ان کو اپنے قیدیوں کی جان کی بھی کوئی فکر نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم غیر ملکی قیدیوں کو رہا کرنے کے لئے تیار ہیں لیکن اسرائیل اس کے لئے تیار نہیں ہے۔