غزہ کی تازہ ترین صورتحال، ہر طرف لاشوں کے ٹکڑے اور خون ہی خون
غزہ پر آج بتیسویں دن بھی غاصب صیہونی حکومت کے جارحانہ حملے جاری ہيں جس میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہيں
سحرنیوز/ عالم اسلام: جنوبی غزہ کے علاقے رفح پرصیہونی حکومت کے حملے میں چودہ فلسطینی شہید ہوگئے- صیہونی حکومت کے اس حملےمیں آنروا سے متلعق اسکول پر حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوگئے- اسی طرح صیہونی حکومت کے بمبار طیاروں نے رفح کے مرکز میں ایک تجارتی مرکز کےقریب واقع عزالدین عزام کے گھر پر حملہ کیا ہے –
دوسری جانب غزہ میں قدس ہسپتال اور کمال عدوان ہسپتال کے اطراف میں صیہونی حکومت کی بمباری میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوگئے کہ جن کی ابھی صحیح تعداد معلوم نہيں ہوسکی ہے-
گذشتہ بتیس دنوں سے غزہ کے نہتھے اور مظلوم عوام کے خلاف اسرائیل کی بربریت میں اب تک دس ہزار دوسو سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہيں جبکہ ستائیس ہزار کے قریب زخمی ہوئے ہيں-
دوسری جانب فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ غرب اردن میں ایک اور فلسطینی کی شہادت کے ساتھ ہی سات اکتوبر سے اب تک غرب اردن کے شہداء کی تعداد ایک سو بہتر ہوگئی ہے-
در ایں اثنا ایک اور فلسطینی نامہ نگار کی شہادت کے ساتھ ہی آغاز جنگ سے اب تک شہید ہونے والے نامہ نگاروں کی تعداد اڑتالیس بتائی جا رہی ہے- صیہونیوں نے شمالی غزہ میں واقع جبالیہ پر حملے میں ایک مسجد کو بھی شہید کر دیا۔
اسی دوران غزہ کے العودہ ہسپتال کے ڈائریکٹر احمد مہنا نے منگل کی صبح اعلان کیا کہ اس طبی مرکز کے اسی فیصد مریض بچے اور خواتین ہیں۔ مہنا نے کہا کہ ہمارے پاس ہسپتال میں ساٹھ مریض ہیں، جن میں سے کچھ کی جسمانی حالت تشویشناک ہے، جبکہ بعض دیگر مریضوں اور زخمیوں کی حالت قدرے بہتر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہسپتال کا کام جاری رکھنے کے لئے ناممکن کو ممکن بنا رہے ہيں، لیکن ہسپتال میں ایندھن ختم ہونے کے بعد، ہمارے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے-
مہنا نے اطلاع دی ہے کہ صہیونی حملوں کی بندوقوں سے نکلی ہوئی گولیاں ہسپتال کے صحن تک پہنچ گئیں ۔ آخر میں، غزہ کے العودہ اسپتال کے ڈائریکٹر نے کہا کہ اسپتال میں اسٹریٹجک اور لاجسٹک سامان اور آلات ختم ہونے کے قریب ہیں ۔ غزہ میں انڈونیشین ہسپتال کے ڈائریکٹر نے بھی کہا کہ ہسپتال کے مکمل طور پر بند ہونے کے لئے ہمارے پاس صرف چوبیس گھنٹے کا سامان بچا ہے۔