Nov ۰۹, ۲۰۲۳ ۱۰:۱۹ Asia/Tehran

یمن کی مسلح افواج نے بدھ کی شب اپنی آبی حدود میں امریکی جاسوس ڈرون ایم کیو نائن کو مار گرایا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: یمنی مسلح افواج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ امریکی ڈرون طیارہ صیہونی حکومت کی حمایت کی غرض سے یمن کی فضائی حدود میں جاسوسی اور مخاصمانہ سرگرمیوں کی غرض سے داخل ہوا تھا۔
بیان کے مطابق یمن کی مسلح افواج ملک کے دفاع کے جائز حق کے تحت کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کرے گی۔
ادھر یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی السریع نے کہا کہ اس قسم کے اقدامات ہمیں فلسطینی قوم کی حمایت میں غاصب صیہونی حکومت کے خلاف عسکری اقدامات سے نہیں روک سکتے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکہ نے قدس فورس کے کمانڈر حاج قاسم سلیمانی، شہید جنرل ابو مہدی المہندس اور ان کے ساتھیوں کو شہید کرنے کے لیے ایم کیو 9 ریپر ڈرون کا استعمال کیا تھا۔
اس امریکی ڈرون کی قیمت تقریباً سولہ ملین ڈالر بتائی گئی ہے اور اسے امریکا کے بہترین ڈرون طیاروں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
یہ ڈرون مسلسل ستائيس گھنٹے سے زائد پرواز کر سکتا ہے، اس کی رفتار تقریباً چار سو کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، یہ ڈرون طیارہ ایک ہزار سات سو چالیس کلوگرام گولہ بارود لے جا سکتا ہے، اور اس کی رینج چھے ہزار کلومیٹر ہے۔

ٹیگس