غزہ، اسرائیلی فوج کا قبرستان بن گیا، 16 بکتربند گاڑیاں اور ٹینک تباہ
غزہ پر 34 دنوں سے اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری ہیں اور جبالیا کیمپ میں اسرائیل کے تازہ حملوں میں کم از کم 30 افراد شہید ہوگئے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: اسرائیل کے جنگی طیارے اور توپخانے فلسطین کے رہائشی علاقوں، طبی مراکز، گھروں اور بنیادی ڈھانچوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
غزہ پر اسرائیل کے حملوں کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 10569 ہو گئی ہے جن میں 4324 بچے اور تقریباً 2823 خواتین شامل ہیں۔ غزہ پر حملے کے بعد سے اب تک 48 صحافی مارے جا چکے ہیں۔
اسرائیلی حملوں میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 26 ہزار تک پہنچ گئی ہے جن میں سے 2 ہزار 500 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں جن میں 1300 بچے بھی شامل ہیں۔
بین الاقوامی تنظیموں کا کہنا ہے کہ شہریوں کے خلاف اسرائیل کے جاری مظالم اجتماعی سزا اور انسانی المیہ ہے جو جنگی جرم کے مترادف ہے۔
دوسری جانب فلسطینی مجاہدین، اسرائیلی فوج سے ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں اور انہوں نے اسرائیل کی 16 بکتر بند گاڑیاں اور ٹینک تباہ کر دیے۔
فلسطین کے مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی اور مغربی غزہ میں فلسطینی مجاہدین اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں۔
دوسری جانب نابلس اور مغربی کنارے کے کئی علاقوں میں اسرائیلی فوج کے خلاف فائرنگ 14 واقعے ہوئے ہیں۔