غزہ میں الشفاء ہسپتال کے اطراف میں صیہونی فوجیوں کی بمباری (ویڈیو)
صیہونی فوج نے غزہ کے سبھی اسپتالوں پر بمباری تیز کردی ہے اور غزہ پٹی کے سبھی اسپتال صیہونی فوج کی شدید بمباریوں کی زد میں ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شہر غزہ میں الشفاء ہسپتال کے اطراف میں صیہونی فوج کے بھاری حملے جاری ہیں۔
فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہےکہ صہیونی فوج کی بمباری غزہ کے الشفاء ہسپتال اور دیگر ہسپتالوں پر مرکوز ہے- صیہونی غاصبوں نے الشفاء ہسپتال کے ایک دروازے کو نشانہ بنایاہے۔
صیہونی حکومت نے گذشتہ رات بھی غزہ کے کئی ہسپتالوں پر حملہ کیا اور متعدد افراد کو شہید کردیا۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں الشفاء ہسپتال کے ڈائریکٹر نے بھی اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اس ہسپتال کے زخمیوں کی حالت ناگفتہ بہ اور افسوسناک ہے کہا کہ الشفاء ہسپتال کے اطراف میں جاری بمباری کے نتیجے میں ایمبولینس کی وہاں آمد و رفت ناممکن ہوگئی ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل مینر البرش نے بھی کہا ہے کہ آج ہم الشفاء کمپلیکس میں اجتماعی قبر بنائیں گے کیوں کہ ہم ان کے دفن کے لئے باہر نہیں جا سکتے۔
غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرۃ نے بھی اس بارے میں خبر دی ہے کہ انڈونیشین ہسپتال میں آپریشن کا کام بالکل ٹھپ پڑ گيا ہے۔
القدرۃ نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے اپنی تمام تر توجہ الشفا اور دیگر ہسپتالوں کے اطراف میں بمباری پر مرکوز کر رکھی ہے۔ اسی اثنا میں فلسطین کے خبری ذرائع نے کل رات خبر دی ہے کہ صیہونی فوج نے الشفاء ہسپتال کے اطراف میں فاسفورس بموں سے حملے کئے ہیں۔
صیہونی فوج نے غزہ کے البراق اسکول پر بمباری کرکے کم سے کم پچاس فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے، یہ سبھی فلسطینی اس اسکول میں پناہ لئے ہوئے تھے-