Nov ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۶:۵۰ Asia/Tehran
  • اسرائیل کے بمبار طیاروں کی مغربی غزہ میں اقوام متحدہ سے وابستہ پناہ گزینوں کے کیمپ پر بمباری

غزہ کے رہائشی علاقوں پر جارح اسرائیل کے ہوائی اور زمینی حملے مسلسل جاری ہیں اور صیہونی فوج کی جنگی کشتیاں غزہ کے مغربی علاقوں پر گولہ باری کر رہی ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: صیہونی حکومت کے بمبار طیاروں نے مغربی غزہ میں اقوام متحدہ سے وابستہ پناہ گزینوں کے کیمپ پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں دو فلسطینی شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے- مغربی غزہ کے علاقوں اور مشرقی علاقے الصحابہ پر صیہونی فوج بمباری کر رہی ہے اور اس کی جنگی کشتیاں مغربی غزہ کے علاقوں پر گولہ باری کر رہی ہیں-

صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے خان یونس کے ایک علاقے میں بھی رہائشی عمارت پر بمباری کی ہے اور امدادی ٹیمیں، شہداء اور زخمیوں کو ملبے سے نکالنے میں مصروف ہیں۔

 الجزیرہ چینل نے بھی اتوار کی صبح اعلان کیا کہ غزہ کے شمالی علاقوں بیت حانون، جبالیا، العودہ اور بیت لاہیا میں مزاحمتی فورسز اور اسرائیل کی زمینی فوج کے درمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے-

میڈیا ذرائع کے مطابق جارح اسرائیل کے لڑاکا طیاروں نے شہر جبالیا میں ایک گھر پر بمباری کی ہے جس میں تین فلسطینی شہید اور بیس دیگر زخمی ہوگئے۔ اس رپورٹ کے مطابق صیہونی لڑاکا طیاروں نے مشرقی خان یونس کے بھی ایک گھر پر بمباری کی ہے-

انسانی حقوق کے دعویداروں کی خاموشی کے دوران فلسطین کے نہتھے اور مظلوم مردوں، عورتوں اور بچوں کا قتل عام ہر روز ہو رہا ہے اور دنیا مشاہدہ کر رہی ہے کہ کس طرح سے حقائق تحریف کرکے پیش کئے جا رہے ہیں-

تازہ ترین اعداد وشمار کے مطابق غزہ پر سات اکتوبر سے جاری غاصب اسرائیل کے جارحانہ حملوں میں اب تک گیارہ ہزار دوسو آٹھ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں ساڑھے چار ہزار سے زیادہ بچے تین ہزار سے زیادہ خواتین اور سات سو کے قریب سن رسیدہ افراد شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد ستائیس ہزار سےزيادہ ہوگئی ہے۔

ٹیگس