غزہ کے الشفا اسپتال میں بیماروں اور بچوں پر صیہونی فوج کا حملہ
غزہ میں مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کا سلسلہ بد ترین شکل میں جاری ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غزہ کے مظلوم اور نہتھے فلسطینی عوام کے خلاف وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے صیہونی فوجیوں نے الشفا اسپتال کے اندر جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ صیہونی فوج کے ترجمان نے سی این این سے گفتگو میں دعوی کیا ہے کہ الشفا فورم میں حماس کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور یہاں ملنے والے فلسطینی فوجیوں کو قیدی بنایا جا سکتا ہے۔ اس ترجمان نے ایسی حالت میں یہ دعوی کیا ہے کہ اسپتال میں کوئی فلسطینی فوجی موجود نہیں ہے۔ اس بارے میں فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ دسیوں صیہونی فوجی الشفا اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل ہوگئے اور اسپتال کے علاقے میں صیہونی فوجیوں نے ٹینک تعینات کر دیئے۔
جہاد اسلامی فلسطین نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت غزہ میں اپنا کوئی فوجی مقصد حاصل نہیں کر پا رہی ہے اسلئے الشفا اسپتال میں بیماروں اور پناہ لینے والے عام شہریوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں اور صیہونی جرائم کے ارتکاب میں امریکہ بھی برابر کا شریک ہے۔ غزہ میں حکومت کے پریس دفتر کے سربراہ نے کہا ہے کہ الشفاء اسپتال کے صحن میں دسیوں فلسطینی شہدا کی لاشیں اور زخمی افراد موجود ہیں اور صیہونی اسنائپروں کی فائرنگ کی بنا پر ان زخمیوں کا علاج و معالجہ نہیں ہو پا رہا ہے۔ غیر سرکاری رپورٹوں میں الشفا اسپتال کے احاطے میں صیہونی اسنائپروں کی فائرنگ میں بھی کئی فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور اسپتال کے احاطے میں صیہونی فوج نے اپنے ٹینک تعینات کر رکھے ہیں اور اس نے اسپتال میں آنے جانے کے سارے راستے بند کر دیئے ہیں۔