القسام بریگیڈ کے ترجمان نے الشفا ہسپتال کے بارے میں نیتن یاہو کے دعوے کو مسترد کیا
تحریک حماس کی عسکری ونگ کتائب القسام نے غزہ کے ہسپتالوں میں قیدیوں کے موجود ہونے کےبارے میں نیتن یاہو کے دعوے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس دعوے کو مسترد کیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: تحریک حماس کی عسکری ونگ کتائب القسام کے ترجمان ابوعبیدہ نے غاصب صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نیتن یاہو اور اس غاصب حکومت کے فوجی ترجمان ڈینیل ہیگاری کے اس دعوے کے جواب میں کہ غزہ کے اسپتالوں میں جنگي قیدیوں کو رکھا گيا ہے کہا کہ ایک قیدی کو اس کی جسمانی حالت خراب ہونےکے سبب ایک طبی مرکز میں منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ اسرائیلی حملوں کی وحشت سے دم توڑ گیا۔
ابوعبیدہ نے کہا کہ نیتن یاہو اور اس غاصب فوج کے ترجمان کے جھوٹے اور بے بنیاد دعوے کے جواب میں ہم یہ بتانا چاہتے ہيں کہ ہم نے کچھ قیدیوں کو ان کی جسمانی حالت اچھی نہ ہونے اور ان کی زندگیاں بچانے کے مقصد سے طبی مراکز میں منتقل کیا تھا۔ صیہونی وزیر اعظم نے غاصب فوجیوں کے الشفا ہسپتال میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے سے پہلے یہ دعوی کیا تھا کہ فلسطینی مجاہدین نے کچھ جنگی قیدیوں کو غزہ کے ہسپتالوں میں مخفی کر رکھا ہے تاہم ان غاصب فوجیوں کو الشفا ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد ان قیدیوں کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔ تل ابیب نے اسی طرح اس سے قبل یہ بھی دعوی کیا تھا کہ الشفا ہسپتال کے نیچے حماس کے ہتھیاروں کا گودام ہے لیکن جارح فوجیوں کو اس ہسپتال کے تہہ خانوں میں کوئی ہتھیار بھی دریافت نہیں ہوا۔